ہاکی ٹیم نے سنہرے دور کی واپسی کا عزم کرلیا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 12 دسمبر 2012
چیمپئنز ٹرافی میں تیسری پوزیشن کامیابی کی سیڑھی پر پہلا قدم ہے (چیف کوچ) مستقبل میں کھیل مزید بہتر ہوگا (حنیف) قوم کی دعائوں سے جیت ملی، کپتان  فوٹو: اے ایف پی

چیمپئنز ٹرافی میں تیسری پوزیشن کامیابی کی سیڑھی پر پہلا قدم ہے (چیف کوچ) مستقبل میں کھیل مزید بہتر ہوگا (حنیف) قوم کی دعائوں سے جیت ملی، کپتان فوٹو: اے ایف پی

لاہور: چیمپئنز ٹرافی میں برانز میڈل جیتنے والی قومی ہاکی ٹیم عالمی رینکنگ میں4درجے بہتری کی خوش خبری ساتھ لیے وطن واپس پہنچ گئی۔

لاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ پر شائقین کی بڑی تعداد کھلاڑیوں کا استقبال کرنے کیلیے موجود تھی،کئی افراد ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے۔ اس موقع پر کپتان اور ٹیم مینجمنٹ نے کھیل میںسنہری دورکی واپسی کا عزم ظاہر کیا، چیف کوچ اختر رسول نے کہاکہ طویل عرصے بعد میگا ایونٹ میں تیسری پوزیشن کامیابی کی سیڑھی پر پہلا قدم ہے،2016 کا ورلڈ کپ جیت کر ٹرافی پاکستان لائیں گے۔کوچ حنیف خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کی محنت رنگ لائی، مستقبل میں کارکردگی مزید بہتر ہوگی، کپتان محمد عمران کے مطابق ہر پلیئر نے اچھا کھیل پیش کیا، قوم کی دعائوں سے کامیابی ملی۔

تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں برانز میڈلسٹ قومی ہاکی ٹیم پاکستان واپسی کیلیے سفر میں تھی کہ عالمی رینکنگ میں4 درجے بہتری کی خبر عوام تک پہنچ گئی،آسٹریلیا میں شیڈول ایونٹ سے قبل گرین شرٹس کی عالمی رینکنگ نویں تھی تاہم اب ٹیم پانچویں پوزیشن پر آ گئی ہے،اولمپک چیمپئن جرمنی کی ہاکی میں حکمرانی بدستور قائم اور آسٹریلیا نے دوسری پوزیشن سنبھالی ہوئی ہے، ہالینڈ کا نمبر تیسرا اور انگلینڈ کا چوتھا ہے۔

قومی ہاکی ٹیم گزشتہ شب وطن واپس آئی،کھلاڑی علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہورپہنچے تو سیکریٹری پی ایچ ایف محمد آصف باجوہ،پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری رانا مجاہدعلی،سابق اولمپئنز، مختلف کلبزکے کھلاڑیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے پُرتپاک استقبال کیا،اس موقع پر پلیئرز کو پھولوں کے ہار پہنائے اور پاکستان ہاکی ٹیم زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔

01

کینگروز کے دیس سے آنے والوں میں عمران شاہ ،عمران بٹ (گول کیپرز)، محمد عمران (کپتان ) محمد عتیق ،سید کاشف شاہ( فل بیکس) ، وسیم احمد ، محمد توثیق ، فرید احمد ، راشد محمود ، محمد رضوان جونیئر (ہافس) ، محمد وقاض (نائب کپتان ) شفقت رسول ، محمد عمر بھٹہ ، عبدالحسیم خان ، شکیل عباسی ، محمد کاشف علی ، محمد رضوان سینئر اورعلی شان (فارورڈز) جبکہ ٹیم آفیشلز میں ہیڈ کوچ و منیجر چوہدری اختر رسول،کوچ عبدالحنیف خان ،اجمل خان لودھی اسسٹنٹ کوچ، احمد عالم اسسٹنٹ کوچ، فیض الرحمان فزیو تھراپسٹ اور ویڈیو اینالسٹ ندیم خان لودھی شامل ہیں۔یاد رہے کہ میگا ایونٹ میں پاکستانی ہاکی ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو3-2 سے ہرا کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

خوشی سے سرشار چیف کوچ اختر رسول نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہ کہ طویل عرصے بعد میگا ایونٹ میں تیسری پوزیشن کامیابی کی سیڑھی پر پہلا قدم ہے،2016 کا ورلڈ کپ جیت کر پاکستان لائیں گے، ایک دن تمام اعزاز قوم کی جھولی میں ڈال دینگے، کوچ حنیف خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کی محنت رنگ لائی، مستقبل میں کارکردگی مزید بہتر ہوگی، گرین شرٹس کو دوبارہ نمبر ون بنائیں گے، کپتان محمد عمران نے کہاکہ ہر کھلاڑی نے اچھا کھیل پیش کیا، قوم کی دعائوں سے کامیابی ملی، پلیئرز نے جس طرح محنت کی اسے دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ پاکستان کا سنہری دور واپس آئے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔