جامعہ کراچی میں بی اے ایجوکیشن کا پرچہ آئوٹ ہوگیا

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 13 دسمبر 2012
شعبہ امتحانات نے امتحان سے کئی گھنٹے قبل پرچہ آئوٹ ہونے کا معاملہ علم میں آنے کے باوجود ہٹ دھرمی کامظاہرہ کرتے ہوئے اسے ملتوی کرنے سے انکارکردیا. فوٹو: فائل

شعبہ امتحانات نے امتحان سے کئی گھنٹے قبل پرچہ آئوٹ ہونے کا معاملہ علم میں آنے کے باوجود ہٹ دھرمی کامظاہرہ کرتے ہوئے اسے ملتوی کرنے سے انکارکردیا. فوٹو: فائل

کراچی: جامعہ کراچی میں شعبہ امتحانات کی ناقص حکمت عملی کے سبب بی اے کے سالانہ امتحانات میں بدھ کو’’ایجوکیشن‘‘کاپرچہ آئوٹ ہوگیا۔

تاہم شعبہ امتحانات نے امتحان سے کئی گھنٹے قبل پرچہ آئوٹ ہونے کا معاملہ علم میں آنے کے باوجود ہٹ دھرمی کامظاہرہ کرتے ہوئے اسے ملتوی کرنے سے انکارکردیا اور معاملے سے صرف نظر کرتے ہوئے شیڈول کے مطابق بدھ کی دوپہر پرچہ لے لیا۔

شعبہ امتحانات کے شیڈول کے مطابق بی اے ایجوکیشن کا پرچہ بدھ کی دوپہرلیاجاناتھاتاہم ایجوکیشن کاپرچہ تحریری صورت میں بدھ کی صبح سے ہی یونیورسٹی کے مختلف مقامات پرفروخت ہوتا رہا اور پرچہ شروع ہونے سے قبل امتحان دینے والے ہزاروں امیدوار پرچے میں موجود سوالات سے آگاہ ہوچکے تھے پرچہ شروع ہواتوامیدواروں کی خوشی کی انتہا اس وقت باقی نہ رہی جب فروخت کیاجانے والے تحریری پرچے اورشعبہ امتحانات کے تحت شائع شدہ سوالیہ پرچے کے90 فیصد سوالات ایک جیسے ہی نکلے حیرت انگیز طورپردونوں پرچوں میں موجود سوالات کی ترتیب بھی تقریباً ایک ہی تھی بڑی تعداد میں امیدوار تحریری صورت میں ہاتھ لگنے والے پرچے کے سوالات امتحان سے قبل کتابوں میں تلاش کرکے اس کی تیاری کرتے نظرآئے۔

جبکہ دوسری جانب کچھ طلبا کایہ بھی کہناتھاکہ وہ بلاوجہ امتحان کی تیاری میں اپناوقت ضائع کرتے ہیں شعبہ امتحانات کی انتظامیہ کو اگر ایسا ہی کرناہے توانھیں امتحان کی تیاری کی کیاضرورت ہے ’’ایکسپریس‘‘کوشعبہ امتحانات کے ذرائع نے بتایاکہ اس حوالے سے شعبہ امتحانات کوآگاہ کیا گیا اورناظم امتحانات نے خود دونوں پرچوں کابغورجائزہ لیانہ صرف یہ بلکہ اس معاملے کوشیخ الجامعہ کے سامنے بھی پیش کیاگیاتاہم اس تمام مشق کے باوجود شعبہ امتحانات نے پرچہ ملتوی کرنے کے بجائے شیڈول کے مطابق اس کا انعقاد کیاجس کے سبب بی اے ایجوکیشن کے امتحان کی شفافیت مشکوک ہوگئی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔