کاروبار چھیننے کی سازش کی جا رہی ہے، پبلک ٹرانسپورٹرز

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 13 دسمبر 2012
 بلدیہ بس ٹرمینل سٹی سے کم و بیش 20 ہزار خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

بلدیہ بس ٹرمینل سٹی سے کم و بیش 20 ہزار خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

حیدرآباد: پبلک ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے وفد نے حیدرآباد ایوان تجارت و صنعت کی ذیلی کمیٹی برائے ٹرانسپورٹ کے چیئرمین اسلم خان دیسوالی سے ملاقات کی اور انہیں ٹرانسپورٹرز کے مسائل بالخصوص بلدیہ بس ٹرمینل سٹی (ہالا ناکہ روڈ) کی منتقلی کی خبروں سے ٹرانسپورٹرز میں بے چینی سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ضلعی حکومت نے عوامی مفاد میں شہرمیں بھاری گاڑیوں کا داخلہ بند کیا تھا اور سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر پبلک ٹرانسپورٹرز منتقل ہوئے تھے، اب اطلاعات ہیں کہ ٹرانسپورٹرز سے کاروبار چھیننے کی سازش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بلدیہ بس ٹرمینل سٹی سے کم و بیش 20 ہزار خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے، حقائق یہ ہیں کہ لینڈمافیا اس قطعہ اراضی پر نظریںجمائے ہو ئے ہے۔

03

بلدیہ بس ٹرمینل سٹی کی منتقلی سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا،کراچی، نوابشاہ، سکھر، مورو سمیت دیگر روٹس پر ٹرانسپورٹرز اربوں روپے کی سرمایہ کاری سے عوام کو مواصلات کی سہو لتیں فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ لطیف آباد، قاسم آباد، حسین آباد کے نوجوان 3 کلو میٹر کا سفر کر کے صبح سویرے مذکورہ روٹس پر چلنے والی گاڑیوں سے سفر کرتے ہیں۔ بلدیہ بس ٹرمینل سٹی کی منتقلی سے عوام کو سفری سہولتوں میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انتظامیہ نے جبری ہٹانے کوشش کی تو ٹرانسپورٹرز شدید احتجاج کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔