بلائنڈ کرکٹ اور کبڈی ورلڈکپ: پاک بھارت ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہونگی

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 13 دسمبر 2012
کبڈی کے مقابلے میں روایتی حریفوں کے پہلوان ہفتے کو ٹرافی کے لیے جنگ لڑیں گے۔   فوٹو: فائل

کبڈی کے مقابلے میں روایتی حریفوں کے پہلوان ہفتے کو ٹرافی کے لیے جنگ لڑیں گے۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کرکٹ اور کبڈی ورلڈکپ کے فائنل میں آمنے سامنے آگئیں،ٹوئنٹی20بلائنڈ ایونٹ کے چیمپئن کا فیصلہ جمعرات کو ہوگا جبکہ کبڈی کا فائنل ہفتے کو شیڈول ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی سرزمین پر جاری بلائنڈ کرکٹ اور کبڈی کے عالمی میلے فائنل مراحل میں داخل ہو چکے، پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے حریف سائیڈز کوپے در پے شکستیں دے کر فیصلہ کن معرکوں تک رسائی حاصل کرلی۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کو یکطرفہ مقابلے میں9 وکٹ سے ہرایا جبکہ میزبان بھارت نے سری لنکا کو 119 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ بھارتی شہر بنگلور میں ہونے والے پہلے سیمی فائنل میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ پر181 رنز بنائے، میتھیوز 61 رنزکے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، ذیشان عباسی اور ادریس سلیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کیا۔ جواب میں پاکستان نے ہدف 13 ویں اوور میں ایک وکٹ پر حاصل کر لیا، محمد اکرم نے صرف 43 گیندوں پر103 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، عامر شفیق 34 رنز پرناٹ آئوٹ رہے،اکرم مین آف دی میچ قرار پائے۔

یاد رہے کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کے میچزمیں اب تک ناقابل شکست ہے،اس نے میزبان بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور نیپال کو بڑے مارجن سے شکست دی۔دوسرے سیمی فائنل میں میزبان بھارت نے سری لنکا کو119رنز سے ہرایا۔

06

دریں اثنا پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈکے صدرسید سلطان شاہ کا کہنا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی شاندار رہی،پلیئرز کامیابیوں کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے فائنل میں بھی بہترین کھیل پیش کریں گے، انھوں نے کہا کہ بھارت میں قومی بلائنڈ ٹیم کے کپتان ذیشان عباسی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر پی سی بی اور پاکستانی سفارتخانہ نے بھرپور تعاون فراہم کیا جس کیلیے ان کے مشکور ہیں۔

ایک سوال پر سید سلطان شاہ نے کہا کہ بھارت کے خلاف اس سے قبل ون ڈے اور ٹی20 میچزکی سیریز میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس کے بعد قومی کھلاڑیوں نے حالیہ ایونٹ کیلیے سخت محنت کی جس کی وجہ سے ورلڈ کپ میں کارکردگی شاندار رہی،انھوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم بھارت کو اسی کی سرزمین پر ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کرنے میںکامیاب رہے گی۔ دریں اثناکبڈی ورلڈ کپ میں  پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی، پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے کینیڈا کو یکطرفہ مقابلے میں 53-27 سے شکست دی جبکہ بھارت نے ایران کو زیر کر کے فائنل تک رسائی حاصل کی، پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا محمد سرور ٹائٹل جیتنے کیلیے پُرامید ہیں۔

نمائندہ’’ایکسپریس‘‘ سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ متواتر کامیابیوں سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند اور وہ فائنل میں بھی شاندار کھیل پیش کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ سیکریٹری فیڈریشن نے کہا کہ روایتی حریفوں کے درمیان کبڈی کے مقابلے کبھی آسان نہیں رہے،گوکہ بھارت کو ہوم گرائونڈ اورکرائوڈکا ایڈواٹیج حاصل ہوگا لیکن میں پُرامید ہوں کہ پاکستانی ٹیم قوم کوورلڈ کپ جیت کر خوشخبری دے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔