آئندہ انتخابات میں الیکٹرانک مشینوں کے استعمال کا وعدہ نہیں کرسکتے، سیکرٹری الیکشن کمیشن

ویب ڈیسک  منگل 18 اکتوبر 2016
ماضی میں ای سی پی کے افسران کو صرف ترقیاں دی جاتی رہیں تربیت کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں تھا، بابر یعقوب : فوٹو : فائل

ماضی میں ای سی پی کے افسران کو صرف ترقیاں دی جاتی رہیں تربیت کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں تھا، بابر یعقوب : فوٹو : فائل

 اسلام آباد: سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا ہے کہآئندہ عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال سے متعلق عوام سے جھوٹا وعدہ نہیں کریں گے کیونکہ ابھی ان مشینوں کے تجربات کئے جارہے ہیں کامیابی کی صورت میں ہی اسے استعمال کیا جائے گا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق 2018 کے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور الیکشن کمیشن نے افسران کی تربیت کا باقاعدہ آغاز بھی کردیا ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے افسران کی تربیت کا آغاز کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ جوڈیشل انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ الیکشن کمیشن کے متعدد افسران ایسے ہیں جن کو الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے حوالے سے کوئی علم نہیں جو ایک درست نشاندہی تھی جس کے بعد ہم نے الیکشن اکیڈمی کی تشکیل کا تہییہ کرلیا تھا کیونکہ  شفاف اور صاف انتخابات کےلئے افسران کی تربیت انتہائی ضروری ہے۔

بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ ماضی میں الیکشن کمیشن کے افسران کو صرف ترقیاں دی جاتی رہیں لیکن ان کی تربیت کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں تھا، تربیت گاہیں  بنالی جاتی تھیں لیکن اس پر کام نہ کرکے اکیڈمیاں تباہ اور پیسے بھی برباد ہوجاتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام سے الیکٹرانک اور بائیو میٹرک مشینوں سے متعلق جھوٹا وعدہ نہیں کرتے تاہم تجربات کی کامیابی کے بعد عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال ضرور کریں گے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن نے 2018 کے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور افسران پوسٹل سٹاف کالج میں تربیت حاصل کریں گے دوسرے بیج میں چاروں صوبوں کے 28 افسران 5 ہفتوں تک تربیت حاصل کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔