گورنرسندھ کو کبھی پیپلزپارٹی میں شمولیت کی دعوت نہیں دی گئی، مراد علی شاہ

ویب ڈیسک  منگل 18 اکتوبر 2016
گورنرسندھ کو رشوت دینے کا سوال ہی غلط ہے میں نے کبھی کسی کو رشوت دی اور نہ ہی کبھی کسی سے رشوت لی ہے، مراد علی شاہ : فوٹو : فائل

گورنرسندھ کو رشوت دینے کا سوال ہی غلط ہے میں نے کبھی کسی کو رشوت دی اور نہ ہی کبھی کسی سے رشوت لی ہے، مراد علی شاہ : فوٹو : فائل

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کہنا ہے کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد پر ماضی میں کئی الزام لگ چکے ہیں اور انہیں کبھی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت نہیں دی گئی۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم جمہوریت کے حامی ہیں، بچپنے والے ہی سیمی فائنل اور فائنل کھیلیں لیکن وفاق کوبھی چاہئے کہ صوبوں کے ساتھ اپنے برتاؤ پر نظر ثانی کرے،  کابینہ کمیٹی برائے توانائی سمیت تمام کمیٹی اجلاس میں صرف ایک صوبے کا وزیراعلیٰ شریک ہوتا ہے جبکہ باقی وزرائے اعلیٰ کو نکال دیا جاتا ہے حکومتی اداروں میں تمام صوبوں کی نمائندگی ہونی چاہیے، اگروفاقی حکومت سب کو ساتھ لے کر چلے تو توانائی بحران کا خاتمہ ہوجائے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ترقیاتی کام سے متعلق پنجاب میں امتیازی سلوک ہورہاہے، میں بھی پاکستان کا شہری ہوں لاہور میرا بھی شہر ہے  لاہور کی ترقی پر کوئی اعتراض نہیں لیکن تمام فنڈز ایک ہی جگہ پر لگا دینا کہاں کا انصاف ہے وفاق کو صاف الفاظ میں کہنا چاہتا ہوں کہ امتیازی سلوک ختم ہونا چاہئے ۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں کریکر حملہ

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ 18 اکتوبر 2007 میں بے نظیر بھٹو کی ریلی پر حملہ کیا گیا اور سیکڑوں کارکن شہید ہوگئے لیکن پھر بھی ریلی کو روکا نہیں جاسکا نے نظیر بھٹو نے 18 اکتوبر کے شہدا کےلئے فنڈ بھی قائم کیا تھا لیکن سانحہ کارساز کی تحقیقات بروقت شروع نہیں کی گئیں ہم نے ریلی میں دہشت گردی کے واقعے پر پھر سے تحقیقاتی ٹیم بنائی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ  16 اکتوبر کو نکالی جانے والی ریلی نے ایک بار پھر بے نظیر کی یاد تازہ کردی۔ کامیاب ریلی کے انعقاد پر کراچی کی عوام کا شکر گزار ہوں۔  ان کاکہنا تھا کہ ہم اپنے شہدا کو کبھی بھی نہیں بھولیں گے اور شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گےان کا مشن آگے بڑھانے کا عزم کررکھا ہے۔

سندھ کے نئے گورنر کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ کی تعیناتی کا معاملہ وفاق کا ہے عشرت العباد کو کچھ لوگوں نے اپنا قرار دیا تو کچھ نے لاتعلقی کا اظہار کیا ان پر پہلے بھی بہت سے الزامات لگ چکے ہیں جبکہ مجھ سے گورنرسندھ کو رشوت دینے کا سوال ہی غلط ہے میں نے کبھی کسی کو رشوت دی اور نہ ہی کبھی کسی سے رشوت لی ہے۔

وزیراعلیٰ نے امام بارگاہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کے علاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کے علاج کے اخراجات سندھ حکومت دے گی

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔