احتساب کا خوف وزیر اعظم کے لہجے سے جھلک رہا ہے، ترجمان تحریک انصاف

ویب ڈیسک  منگل 18 اکتوبر 2016
آئندہ انتخابات سے پہلے وزیر اعظم کو پہلے کی گئی لوٹ مار کا حساب دینا ہو گا ، ترجمان پی ٹی آئی فوٹو: فائل

آئندہ انتخابات سے پہلے وزیر اعظم کو پہلے کی گئی لوٹ مار کا حساب دینا ہو گا ، ترجمان پی ٹی آئی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کا کہنا ہے کہ 2 نومبر کے احتجاج کی اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور احتساب کا خوف وزیر اعظم کے لہجے سے جھلک رہا ہے۔

کنونشن سینٹراسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے کی گئی تنقید کے جواب میں نعیم الحق نے کہا کہ وزیر اعظم روزاول سے چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف پختونخوا تک محدود رہے، پنجاب اور وفاق میں ان کی لوٹ مار پر بات نہ کی جائے لیکن تحریک انصاف نے قوم کی ترجمانی کرتے ہوئے وزیراعظم اور ان کے خاندان کی لوٹ مار کا معاملہ پورے زور سے اٹھایا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ڈگڈگی بجانے والوں سے ڈرنے والے نہیں

تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 2 نومبر کے احتجاج کی اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور احتساب کا خوف وزیر اعظم کے لہجے سے چھلک رہا ہے، ملک کے کم و بیش تمام ریاستی و حکومتی ادارے تباہ کرنے اور نظام کو غیر موٴثر کرنے کے باوجود نواز شریف کو قوم کی جانب سے بھرپور مزاحمت کا سامنا ہے، احتساب سے بچنے کے لئے نواز شریف نے پاک فوج اور میڈیا کو دست و گریباں کرنے کی غیر اخلاقی اور شرمناک کوشش کی،سرحدوں پر انتہائی کشیدہ صورتحال میں وزیر اعظم کا عسکری قیادت پر حملہ ان کے خفیہ عزائم واضح کرتا ہے ۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : 2 نومبر کو اسلام آباد میں دھرنا

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ اور الیکشن کمیشن سمیت پوری قوم سے جھوٹ بولنے والے وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر گمراہ کن گفتگو کی۔ وزیر اعظم جتنے بھی جتن کرلیں احتساب سے نہیں بچ پائیں گے، آئندہ انتخابات سے پہلے انہیں لوٹ مار کا حساب دینا ہو گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔