مودی نے بھارتی فوج کو اسرائیلی فوج کے ہم پلّہ قرار دے دیا

ویب ڈیسک  بدھ 19 اکتوبر 2016
پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیکس کا ڈارمہ فلاپ ہوجانے کے باوجود نریندر مودی کا اس جھوٹ پر اصرار مسلسل جاری ہے۔ (فوٹو: فائل)

پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیکس کا ڈارمہ فلاپ ہوجانے کے باوجود نریندر مودی کا اس جھوٹ پر اصرار مسلسل جاری ہے۔ (فوٹو: فائل)

نئی دہلی: نریندر مودی نے ایک بار پھر پاکستان میں بھارتی فوج کی نام نہاد سرجیکل اسٹرائیکس کا حوالہ دیتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ بھارتی فوج بھی اپنی صلاحیتوں کے اعتبار سے اسرائیلی فوج کے ہم پلّہ ہے۔

ہماچل پردیش کے علاقے مانڈی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے پاکستان کے خلاف سرجیکل اسٹرائیکس کا دعوی دوہراتے ہوئے کہا: ’’اسرائیلی فوج کے کارناموں کا بہت سنا ہے، اب ہندوستانی فوج بھی کچھ کم نہیں۔‘‘

واضح رہے کہ ہماچل پردیش پر کانگریس کی حکمرانی ہے اور یہاں آئندہ سال انتخابات ہونے والے ہیں؛ جبکہ بھارتی فوجیوں کی بڑی تعداد اسی ریاست سے تعلق رکھتی ہے۔ شاید اسی لئے نریندر مودی نے ایسے جھوٹے دعوے کو ایک بار پھر سے دوہرادیا جس کی وجہ سے ان کی پہلے ہی بہت جگ ہنسائی ہوچکی ہے۔

البتہ مودی کا یہ دعوی صرف اس بنیاد پر درست تسلیم کیا جاسکتا ہے کہ جس طرح اسرائیلی فوج پچھلے ستّر سال سے نہتے فلسطینیوں پر مظالم ڈھارہی ہے، ٹھیک اسی طرح بھارتی فوج بھی مقبوضہ کشمیر میں نہتے، بے بس اور مظلوم مسلمانوں کے خلاف اپنی سفاکانہ اور درندہ صفت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔