بیرون ملک پاکستانی صرف 16 منٹ میں پاسپورٹ کی آن لائن تجدید کراسکتے ہیں

ویب ڈیسک  منگل 18 اکتوبر 2016
وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے متعارف کردہ ای سروس پورٹل کے ذریعے اپنے پاسپورٹ کا اجرا کرسکتے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے متعارف کردہ ای سروس پورٹل کے ذریعے اپنے پاسپورٹ کا اجرا کرسکتے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد: بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے آن لائن سروس شروع کی گئی ہے جس کے ذریعے وہ صرف 16 منٹ میں اپنے پاسپورٹ کی تجدید کراسکتے ہیں۔

سمندر پار پاکستانیوں کے لیے یہ سروس گزشتہ ہفتے شروع کردی گئی ہے جس کے تحت مشین ریڈایبل پاسپورٹس کو رینیو کرایا جاسکتا ہے اور ویب سائٹ کے مطابق اس عمل میں صرف 16 منٹ لگتے ہیں۔ اس عمل کے بعد تجدید شدہ پاسپورٹ 10 دن کے اندر روانہ کردیا جاتا ہے جب کہ ارجنٹ پاسپورٹ کا اجرا 4 دن میں ہوجائے گا۔

قائم مقام قونصل جنرل آف پاکستان رانا ثمر جاوید نے عرب خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مشرقِ وسطیٰ اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کے لیے 24 گھنٹے یہ سروس موجود ہے، اس کے لیے دبئی یا ابوظہبی میں پاکستانی سفارت خانے آنے کی ضرورت نہیں اور اس طرح وقت کی بچت ہوسکے گی۔

ای سروس پورٹل ڈائریکٹر جرنل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس سے منسلک ہے اور یہ سہولت پوری دنیا میں رہنے والے پاکستانیوں کے لیے ہے۔ تاہم یہ نظام نئے پاسپورٹ کے لیے نہیں اور یہ صرف اسی وقت قابلِ عمل ہے جب درخواست گزار کے کوائف اور دستاویز ڈیٹابیس میں موجود ہوں۔ مثلاً اولاد وغیرہ کی پیدائش کے بعد پاسپورٹ کے لیے پاکستانیوں کو متعلقہ سفارت خانے سے رابطہ کرنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔