الیکشن کمیشن نے نااہلی ریفرنس میں عمران خان کو 2 نومبر کو طلب کرلیا

ویب ڈیسک  منگل 18 اکتوبر 2016
الیکشن کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین کو اسپیکر قومی اسمبلی کے ریفرنس پر طلب کیا ہے۔ فوٹو؛ فائل

الیکشن کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین کو اسپیکر قومی اسمبلی کے ریفرنس پر طلب کیا ہے۔ فوٹو؛ فائل

اسلام آباد : الیكشن كمیشن نے اسپیكرقومی اسمبلی سردار ایاز صاد ق كی جانب سے تحریك انصاف كے چیرمین عمران خان اور جہانگیر ترین كی نااہلی كے لیے دائر ریفرنس پر دونوں رہنماؤں کو 2 نومبر کو طلب کرلیا۔

الیكشن كمیشن آف پاكستان نے اسپیكر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق كی جانب سے بھجوائے گئے ریفرنس پر تحریك انصاف كے چیرمین عمران خان اور سیكرٹری جنرل جہانگیر ترین كو نوٹس جاری كردیئے ہیں اور انہیں 2 نومبر كو سننے كے لیے طلب كر لیا ہے۔ الیكشن كمیشن كی جانب سے جاری نوٹس میں عمران خان اور جہانگیر ترین كو كہا گیا ہے كہ وہ عدالت میں حاضر ہوں اور اپنا جواب بھی جمع كرائیں، اگر وہ عدالت میں حاضر ہونے میں ناكام ہوجاتے ہیں تو آپ كی غیر موجودگی میں فیصلہ سنا دیا جائے گا۔

جہانگیرترین كے خلاف محمد خان ڈاہا اور 4 دیگر ممبران قومی اسمبلی نے ریفرنس جمع كرایا ہے جب كہ عمران خان كے خلاف طلال چوہدری اور 6 دیگر اراكین قومی اسمبلی كی جانب سے ریفرنس دائر كیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے پاناما لیکس کے معاملے پر 2 نومبر کو اسلام آباد میں دھرنے اور وفاقی دارالحکومت کو بند کرنے کا بھی اعلان کررکھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔