خان پور میں الم ناک سانحہ

ایڈیٹوریل  بدھ 19 اکتوبر 2016
سڑکیں مقتل بنیں رہیں گی اور اپنی پیاس انسانی خون سے بجھاتی رہیں گی۔ فوٹو: فائل

سڑکیں مقتل بنیں رہیں گی اور اپنی پیاس انسانی خون سے بجھاتی رہیں گی۔ فوٹو: فائل

ٹریفک حادثات کی شرح میں پاکستان میں انتہائی خطرناک حدتک اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ٹریفک حادثات کے اعدادوشمار دیکھیں تو رونگھٹے کھڑے ہوجائیں ۔ تازہ ترین المناک سانحہ جنوبی پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے خان پورکے علاقہ دھریجہ نگرکے قریب 2 بسوں میں ہولناک تصادم کی صورت میں پیش آیا ہے، ستائیس قیمتی جانیں گئیں اور پچاس افراد زخمی ہوگئے، وجہ حادثے کی وہی روایتی تھی یعنی تیز رفتاری، دونوں بسوں کے ڈرائیورموقعے پر ہلاک ہوگئے، کنڈیکٹرز محفوظ رہے۔

نہ یہ پہلا سانحہ اور نہ آخری۔ ٹریفک قوانین موجود، لیکن ان پر کوئی عمل نہیں کرتا۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد ، فیصل آباد، ملتان ، حیدرآباد ،کوئٹہ ، پشاور تو بڑے شہر ہیں، چھوٹے قصبوں اور دیہات تک ٹریفک حادثات سے محفوظ نہیں۔کراچی  کے حوالے سے کل کی خبریں دیکھیے تیزرفتار ٹریلر اورٹرک نے تین موٹر سائیکل سوارکچل دیے۔نیوسبزی منڈی میں ٹریلرکی ٹکر سے تین موٹرسائیکل کچلے گئے دوجان سے گئے اور تیسرا معجزانہ طور پر محفوظ رہا، ٹریلر ڈرائیور موقعے سے فرار ہوگیا۔

راشد منہاس روڈ پر تیزرفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا ۔ جب شہر میں دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی ہے تو پھر شہر میں قاتل ٹرک اور ٹریلر ڈرائیور کیوں دندناتے پھرتے ہیں۔سماجی اور حکومتی سطح پر ٹریفک قوانین کے احترام کے حوالے سے معاشرے میں شعور وآگہی پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے، جبتک ہم اخبارات، الیکٹرانک میڈیا کی مدد سے عوام میں شعور بیدار نہیں کریں گے، اس وقت یہ حادثات کا تسلسل جاری رہے گا، سڑکیں مقتل بنیں رہیں گی اور اپنی پیاس انسانی خون سے بجھاتی رہیں گی۔

ٹریفک قوانین پر عمل کرنے والی قومیں مہذب اور تہذیب یافتہ کہلاتی ہیں۔ ٹریفک قوانین کی پاسداری بحیثیت قوم ہم جب تک نہیں کریں، ہماری حالت نہیں بدلے گی، اور انسانی جانوں سے کھیلنے والے افراد کو سخت ترین سزائیں نہیں دی جائیں گی اس وقت تک ان حادثات پر قابو نہیں پایا جاسکے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔