کے پی ٹی میں بڑے پیمانے پر سیاسی بھرتیوں کا انکشاف

خصوصی رپورٹر  بدھ 19 اکتوبر 2016
زمینوں پر قبضہ چھڑانے کے اقدامات پر حکام کی بریفنگ بھی غیرتسلی بخش قرار۔ فوٹو: فائل

زمینوں پر قبضہ چھڑانے کے اقدامات پر حکام کی بریفنگ بھی غیرتسلی بخش قرار۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: موجودہ دور حکومت میں کراچی پورٹ ٹرسٹ میں بڑے پیمانے پر سیاسی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے جس پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی پورٹس اینڈ شپنگ نے تحقیقات کے لیے ذیلی کمیٹی بنا دی ہے۔

گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی پورٹس اینڈ شپنگ کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سید غلام مرتضی شاہ نے کی، اجلاس میں وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ حاصل بزنجو، سیکرٹری پورٹس اینڈ شپنگ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی، کے پی ٹی میں سیاسی بھرتیوں اور اس کی زمینوں پر بڑے پیمانے پر قبضہ چھڑانے کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی جس پر کمیٹی نے کے پی ٹی حکام کی بریفنگ کو غیرتسلی بخش قرار دیتے ہوئے ذیلی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین کمیٹی سید غلام مترضی نے کہا کہ ذیلی کمیٹی کے کنوینئر میر اعجاز جکھرانی ہوں گے اور اس کے 4ارکان ہوں گے، ذیلی کمیٹی کے پی ٹی میں دو تین سال میں ہونے والی سیاسی بھرتیوں کا جائزہ لے گی کہ کس رول کے تحت بھرتی کیا گیا ہے، اس کے علاوہ زمینوں پر قبضے کی رپورٹ تیار کرے گی، قائمہ کمیٹی نے کے پی ٹی کے رولز بنانے کی ہدایت کی تاکہ اس کا آڈٹ ہو۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کے پی ٹی کی زمینوں پر قبضے میں کئی لوگ ملے ہوئے ہیں، ان سے قبضہ چھڑانا چاہیے، شپنگ لاز 18 ویں صدی کے بنے ہوئے ہیں، نئے رولز بناکر پیش کیے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔