خیرسگالی دورہ، آسٹریلین آرمی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 19 اکتوبر 2016
پاکستان آ کر بہت خوش ہیں اور انھیں بہت اچھی سیکیورٹی مہیا کی گئی ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان آ کر بہت خوش ہیں اور انھیں بہت اچھی سیکیورٹی مہیا کی گئی ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور: آسٹریلیا کی آرمی کرکٹ ٹیم خیر سگالی دورہ پر لاہور پہنچ گئی، مہمان ٹیم پاکستان آرمی کے علاوہ پی سی بی انڈر21 ٹیم کے خلاف بھی ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی، آسٹریلوی ٹیم کا پہلا میچ بدھ کو لاہور کور کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ بیٹل ایکس گراؤنڈ شامی روڈ میں شیڈول ہے، مہمان خصوصی کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی ہوں گے، کپتان کریگ ہولمز کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان آ کر بہت پر جوش ہیں اورتوقع ہے کہ کافی سخت کرکٹ مقابلے ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی آ رمی کرکٹ ٹیم کا 18 رکنی اسکواڈ گزشتہ روز لاہور پہنچ گیا۔ مہمان ٹیم اپنے قیام کے دوران لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔ شیڈول کے مطابق پہلا میچ پاکستان آرمی ٹیم کے خلاف بیٹل ایکس گراؤنڈ شامی روڈ میں 19اکتوبرکوکھیلے گی۔

دوسرا میچ پاکستان انڈر 21 ٹیم کے ساتھ 21 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا جبکہ تیسرا میچ 22 اکتوبر کو باغ جناح گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔آسٹریلوی آرمی اسکواڈ کے کھلاڑیوں میں انڈریو ہاروے، رابرٹ مارام، مارک بروکس، مارک براؤن ، بیو رائٹ(نائب کپتان)، تھامس گلمؤر، ٹموتھی ڈیوٹ، مائلز رالنگ، گریگ ہولمز (کپتان)، البرٹ ڈیوی، ٹیرنس فلیرٹ اور نکولس براؤن شامل ہیں جبکہ ٹیم آفیشلز میں کرنل آرون لمبارٹ، لیفٹیننٹ کرنل مائیکل بلڈو، کیپٹن انتھونی پورٹن،کارپورل آئن چیٹن، سائمن ٹکیکوسکی اور جہانگیر عباسی شامل ہیں۔

آسٹریلوی آرمی ٹیم نے گزشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹیم کے کپتان کریگ ہولمز کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ سال پاکستان آنے والی ٹیم میں منتخب نہ ہو سکاتھا مگر اس بار وہ خوش قسمتی سے منتخب ہو ئے اور یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ یہاں آ کر بہت پر جوش ہیں اور توقع ہے کہ سخت کرکٹ مقابلے ہوں گے خاص طور پر پاکستان انڈر 21 ٹیم کے ساتھ انھیں کافی سخت مقابلے کی توقع ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان آ کر بہت خوش ہیں اور انھیں بہت اچھی سیکیورٹی مہیا کی گئی ہے۔ انھوں نے پاکستان اور آسٹریلیا کی آرمی ٹیموں کے درمیان مقابلوں کی تعریف کی اور کہا کہ اس سے باہمی روابط بڑھیں گے۔دورہ پاکستان کے دوران ملنے والی سیکیورٹی بہترین ہے ۔آسٹریلیا کی آرمی ٹیم نے بعد ازاں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ٹریننگ کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔