بھارت سے گٹھ جوڑپر فراری براہمدغ سے نالاں، 43 نے ہتھیار ڈال دیے

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 19 اکتوبر 2016
کومبنگ آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں دھماکا خیزمواد، بم، خودکش جیکٹس اسلحہ اور30لاکھ روپے برآمد کرکے تخریب کاری کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ فوٹو:فائل

کومبنگ آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں دھماکا خیزمواد، بم، خودکش جیکٹس اسلحہ اور30لاکھ روپے برآمد کرکے تخریب کاری کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ فوٹو:فائل

کوئٹہ: ڈیرہ بگٹی میں بلوچ رپبلکن آرمی کے 43فراریوں نے براہمدغ بگٹی کا بھارت سے گٹھ جوڑ اور پاکستان کے خلاف زہراگلنے کی بدولت ان سے لا تعلقی کا اظہارکرتے ہوئے فورسزکی نگرانی میں ہتھیار ڈالنے کا اعلان کیا ہے۔

ایف سی ترجمان کے مطابق براہمدغ بگٹی کی بھارت سے میل ربخت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بلوچ رپبلکن پارٹی اور کا لعدم تنظیم بی آر اے کے مزید درجنوں کارندے ان سے راہیں جدا کرنے کی تیاری کر رہے ہیں جس سے براہمدغ اور اس کے قریبی کمانڈرز حواس باختہ ہوکر سرینڈرکا اعلان کرنے والے فراریوں کو نقصان پہنچانے کے درپے ہوگئے ہیں۔

دریں اثنا حساس ادارے اور ایف سی نے کوئٹہ کے علاقے سریاب میں کومبنگ آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں دھماکا خیزمواد، بم، خودکش جیکٹس اسلحہ اور30لاکھ روپے برآمد کرکے تخریب کاری کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔

فورسز ذرائع کے مطابق منگل کی شب کارروائی کے دوران ایک مکان سے 2 موٹرسائیکلوں پر نصب2 بم 2 خودکش جیکٹس،70کلو گرام دھماکہ خیزمواد3 سب مشین گنیں، 2 پسٹل،5 ٹیلی فون،1 فیکس مشین 1 جنریٹر کے علاوہ30لاکھ 87ہزار روپے کی پاکستانی کرنسی قبضے میں لے لی گئی ، شرپسندوں کی گرفتاری کیلیے مزید کارروائی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔