موسم کی تبدیلی کیساتھ الرجی کے مریضوں میں اضافہ ہونے لگا

اسٹاف رپورٹر  بدھ 19 اکتوبر 2016
بچوںکوابلے ہوئے انڈے، شہد،گرم دودھ اورخشک میوہ جات کھلائے جائیں،گفتگو۔ فوٹو: فائل

بچوںکوابلے ہوئے انڈے، شہد،گرم دودھ اورخشک میوہ جات کھلائے جائیں،گفتگو۔ فوٹو: فائل

کراچی: جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرطارق رفیع نے کہاہے کہ شہرمیں رات کے وقت موسم تبدیل ہونا شروع ہوگیا ہے جس کے باعث مختلف اقسام کی الرجی میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

عوام کھانے پینے میں احتیاط کریں، ٹھنڈے مشروبات، کٹھی اشیا، آئس کینڈی سے پرہیزکریں،چھوٹے بچوں کوآئس کریم، فالودہ سمیت ایسی اشیا جس میں برف کا استعمال کیاجاتاہے وہ دینے سے گریزکیاجائے، بچوں کوابلے ہوئے انڈے، شہد، گرم دودھ اورخشک میوہ جات کا استعمال کیاجائے جوان کی صحت کے لیے انتہائی مفید ہے۔

ان خیالات کا اظہارانھوں نے ایکسپریس سے گفتگومیں کیا، انھوں نے کہاکہ جب بھی موسم تبدیل ہوتا ہے تومختلف امراض بھی جنم لیتے ہیں،عوام سردموسم کی ابتدامیں ہی احتیاط کریں، رات کے اوقات میں بچوں کو ایئرکنڈیشنڈ کمروں میں نہ سلائیں، ٹھنڈے مشروبات وپانی اورکٹھی اشیاسے پرہیز کریں کیونکہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ یہ اشیاگلے کی خرابی والرجی، کھانسی، نزلہ زکام کابن جاتی ہیں۔

رات میں خشک موسم ہونے سے اور بدپرہیزی کرنے سے گلے خراب ہونے کے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے جبکہ رات کے اوقات میں سافٹ ڈرنکس، آئس کینڈی، آئس قلفی کااستعمال شدید نقصان دہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔