تحریک انصاف مجھ پر ایک الزام بھی ثابت کردے تو سیاست چھوڑ دوں گا، شہباز شریف

ویب ڈیسک  بدھ 19 اکتوبر 2016
تحریک انصاف ایک بھی الزام ثابت کردے تو سیاست چھو ڑ دیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب - فوٹو: فائل

تحریک انصاف ایک بھی الزام ثابت کردے تو سیاست چھو ڑ دیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب - فوٹو: فائل

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گر تحریک انصاف ان پر کرپشن کا ایک الزام بھی ثابت کردے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔ 

لاہور کے ایکسپو سینٹر میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں جاری  ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کی سیاست کرتی ہے، سی پیک منصوبےمیں خلل ڈالنےکی کوشش کی جارہی ہے، تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں اورنج لائن ٹرین کے خلاف فریق بننے کی درخواست دی اور پھر کسی سیانے کے مشورے پر واپس لے لی۔ ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کرنے والےملک پررحم کریں کیونکہ ملک ترقی کرے گا ملک کے نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔

وزیر اعلٰی پنجاب نے کہا کہ اسلام آباد کو بند کرنا ملک کےخلاف سازش ہے، اس سے سی پیک منصوبےمیں خلل ڈالنےکی کوشش کی جارہی ہے۔ کرپشن کےخلاف اسلام آباد بند کرنا کوئی دانشمندی نہیں۔ اگران پر کرپشن ثابت ہوجائےتو عوام کا ہاتھ اور ان کاگریبان ہوگا۔ وہ سیاست چھو ڑ دیں گے۔

اس سے قبل ایکسپو سینٹر لاہور میں صوبائی قیادت کے سلسلے میں انتخابی عمل ہوا جس میں شہباز شریف مسلم لیگ (ن) پنجاب کے بلامقابلہ صوبائی صدر منتخب ہوگئے ۔

واضح رہے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) نے وزیراعظم نوازشریف کو پارٹی کا صدر منتخب کیا تھا جب کہ راجا ظفرالحق کو بلامقابلہ چیئرمین ، سینیٹر پرویزرشید بلا مقابلہ سیکرٹری مالیات اور مشاہد اللہ خان سیکریٹری اطلاعات منتخب کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔