بھارتی فوج کی ایل او سی پر فائرنگ سے نوجوان شہید، بچوں اور خواتین سمیت 5 افراد زخمی

ویب ڈیسک  جمعرات 20 اکتوبر 2016
بھارتی فورسز نے نکیال سیکٹر کے قریب پالانی گاؤں پر بلا اشتعال فائرنگ کی، ترجمان پاک فوج، فوٹو؛ فائل

بھارتی فورسز نے نکیال سیکٹر کے قریب پالانی گاؤں پر بلا اشتعال فائرنگ کی، ترجمان پاک فوج، فوٹو؛ فائل

راولپنڈی: بھارتی فوج کی نکیال کے کیرالہ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے ایک نوجوان شہید جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں تحصیل نکیال کے کیرالہ سیکٹر پرفائرنگ کی جس سے لائن آف کنٹرول کے بالکل قریب واقع پالانی گاؤں کی آبادی شدید متاثر ہوئی اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید جب کہ 2 خواتین اور 2 بچوں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت 28 سالہ عبدالرحمان سے ہوئی جو پالانی گاؤں کا ہی رہائشی ہے جب کہ زخمیوں میں 11 اور 17 سال کے 2 بچے، 48 اور 50 سالہ 2 خواتین شامل ہیں جن کا تعلق بھی پالانی گاؤں سے ہے۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے گاؤں پالانی کے گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے جب کہ بھارتی فوج کی فائرنگ کا سلسلہ بدھ سے جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔