بھارتی فلم ساز فواد خان کے ساتھ کام کرنے کے منتظر

ویب ڈیسک  بدھ 19 اکتوبر 2016
فلم’’یہ رستے ہیں پیار کے‘‘ پروڈیوسر مہیش بھٹ اورشیام بینگل فواد خان کو فلم کی کاسٹ سے علیحدہ کرنے کو تیار نہیں۔ فوٹو؛ فائل

فلم’’یہ رستے ہیں پیار کے‘‘ پروڈیوسر مہیش بھٹ اورشیام بینگل فواد خان کو فلم کی کاسٹ سے علیحدہ کرنے کو تیار نہیں۔ فوٹو؛ فائل

ممبئی: ہندو انتہا پسندوں اور بھارتی پروڈیوسر ز ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے باوجود  بھی فلم ’’یہ رستے ہیں پیارکے‘‘ کے فلمسازمہیش بھٹ اور  شیام بینگل پاکستان کے چارمنگ ہیرو فواد خان کے ساتھ کام کرنے  کے منتظر ہیں۔

ہندو انتہا پسندوں کی پاکستانی فنکاروں کو دھمکیوں کے بعد  بھارتی پروڈیوسرز ایسوسی ایشن نے فلموں میں کام کرنے پر پابندی لگادی ہے لیکن پاکستانی فنکار اب بھی بالی ووڈ نگری میں اتنے ہی مقبول ہیں اور کئی فلم ساز اور ہدایتکار پاکستانی اداکاروں کے ساتھ کام کر نے کو تیار ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہدایتکار شیام بینگل کی جانب سے پاکستانی چارمنگ ہیرو فواد خان کو فلم ’’یہ رستے ہیں پیار کے‘‘ میں کام کرنے کی پیش کش کی گئی تھی جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے فلم میں کام کرنے کی حامی بھرلی تھی لیکن پاکستان اوربھارت کے درمیان کشیدگی کے بعد پاکستانی فنکاروں کے بھارتی فلموں میں کام کرنے پت پابندی لگادی گئی ہے جس کے باوجود انہیں فلم ’’یہ رستے ہیں پیار کے‘‘ کی کاسٹ سے علیحدہ نہیں کیا گیا ہے ۔

فلم کے پروڈیوسر مہیش بھٹ اورشیام بینگل فواد خان کو فلم کی کاسٹ سے کسی صورت علیحدہ کرنے کو تیار نہیں ہیں اور فلم کی شوٹنگ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان حالات بہتر ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔ فلم ڈائریکٹرہرش نارائن کا کہنا تھا کہ فلم کی کہانی پر 5 سال سے کام جاری ہے اور فلم میں  فواد خان کو 6 ماہ قبل کاسٹ کیا گیاہے  جب کہ فواد خان کی کاسٹ کے بعد پروڈیوسرز ایسوسی ایشن نے پاکستانی فنکاروں کے کام پر عارضی طور پر پابندی لگادی لیکن بھارتی حکومت کی جانب سے بھی پاکستانی فنکاروں کو ویزے جاری کرنے سے متعلق بیان مثبت قدم ہے جس کے بعد ہم دونوں ملکوں کے مابین کشیدگی کی فضا کم ہونے کا انتظار کررہے ہیں اور ماحول سازگار ہوتے ہی  فلم کی شوٹنگ کاآغاز کردیا جائے گا۔

ہرشن نارائن نے کہا کہ  فواد خان فلم کے کردار کے لیے بہترین انتخاب ہیں جنہیں کشیدگی کے باوجود فلم کی کاسٹ سے علیحدہ نہیں کیا جائے گا اور جلد ہی فلم کی تمام کاسٹ کاحتمی اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ فلم ’’یہ رستے ہیں پیار کے‘‘ پاکستان اور بھارت  کے درمیان امن قائم کرنے کے موضوع پر بنائی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔