سری لنکاآسٹریلیا میں پہلی ٹیسٹ کامیابی کا منتظر

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 14 دسمبر 2012
ہوبارٹ میں فیلڈنگ پریکٹس کے دوران آسٹریلوی کرکٹرز فل ہیوز اور شین واٹسن کیچ تھامنے کے لیے تیار، ان کی ٹیم آج سے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کے ساتھ مقابلہ کرے گی(فوٹو: اے ایف پی )

ہوبارٹ میں فیلڈنگ پریکٹس کے دوران آسٹریلوی کرکٹرز فل ہیوز اور شین واٹسن کیچ تھامنے کے لیے تیار، ان کی ٹیم آج سے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کے ساتھ مقابلہ کرے گی(فوٹو: اے ایف پی )

ہوبارٹ: آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان تین میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ جمعے سے ہوبارٹ میں شروع ہورہا ہے، کینگروز پروٹیز سے شکست کا غصہ سری لنکنز پر اتارنے کو بے چین ہیں، فل ہیوز کی واپسی ہوگی۔

مچل جونسن کو پانی پلانے کا کام سونپا جاسکتا ہے، دوسری جانب سری لنکا آسٹریلوی سرزمین پر پہلی ٹیسٹ فتح کا منتظر ہے، ڈیموتھ کارونارتنے ، تلکارتنے دلشان کے ہمراہ اوپننگ کریں گے، تھارنگا پرانا ویتانا کے ساتھ دھمیکا پرساد کو بھی باہر بیٹھنا پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق حال ہی میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں 1-0 کی شکست سے دوچار ہونے والی آسٹریلوی ٹیم قدرے کمزور حریف سری لنکا پر ہاتھ صاف کرکے ایک بار پھر فتوحات کی راہ پر گامزن ہونے کی خواہاں ہے، رکی پونٹنگ کی ریٹائرمنٹ کے بعد یہ کینگروز کا پہلا ٹیسٹ ہوگا، سابق کپتان کی جگہ فل ہیوز سنبھالیں گے تاہم وہ نمبر تین جبکہ شین واٹسن چوتھے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔

6

مچل جونسن کو باہر بٹھائے جانے کا امکان ہے۔ کپتان مائیکل کلارک نے کہاکہ ہم میں سے کوئی بھی سری لنکا کے بولرز کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کرے گا، آسٹریلوی کنڈیشنز سے عدم واقفیت کے باوجود وہ سرپرائز پیکج ثابت ہوسکتے ہیں۔ دوسری جانب سری لنکا آسٹریلیا میں پہلی ٹیسٹ فتح درج کرانے کا خواہاں ہے، آئی لینڈرز کو کینگروز پر صرف ایک ٹیسٹ کامیابی1999 میں کینڈی میں حاصل ہوئی تھی، سنگاکارا کو 10 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے گیارہویں کرکٹر بننے کیلیے صرف 107 رنز مزید درکار ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بنگلہ دیش کے سوا سری لنکا نے ملک سے باہر گذشتہ پانچ برس میں صرف دو ٹیسٹ سیریز جیتی ہیں۔ پرانا ویتانا کو آئوٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے ڈراپ کردیا گیا، ان کی جگہ ڈیموتھ کارونارتنے ، تلکارتنے دلشان کا ساتھ دیں گے، ٹور میچ میں باہر بیٹھنے والے نوان کولاسیکرا کو بھی میدان میں اتارا جائے گا۔ ٹیسٹ کے ابتدائی 4 دنوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، ابر آلود کنڈیشنز میں بیٹسمینوں کیلیے کھیلنا آسان نہیں ہوگاکیونکہ پچ سیمرز کیلیے زیادہ سازگار دکھائی دے رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔