ایفی ڈرین کیس، زیرعلاج ملزم اسدحفیظ کوآج پیش کرنے کاحکم

قیصر شیرازی  بدھ 25 جولائی 2012
ملزم کو پیش نہ کیا گیا توتفتیشی آفیسرکیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی ، عدالت, فوٹو فائل

ملزم کو پیش نہ کیا گیا توتفتیشی آفیسرکیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی ، عدالت, فوٹو فائل

راولپنڈي: اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ اے این ایف شفقت اللہ نے ممنوع کیمیکل اسکینڈل میںگرفتار سابق ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ ڈاکٹراسدحفیظ کو طلبی کے باوجودعدالت پیش نہ کرنے کاسخت نوٹس لیتے ہوئے انھیں آج بدھ25جولائی کو ہرصورت عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ہے اور واضح کیا کہ اگر آج ملزم کو پیش نہ کیا گیا تو تفتیشی آفیسر ڈائریکٹر عابد ذوالفقارکیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

سابق ڈی جی اسد حفیظ دوران تفتیش مبینہ تشدد سے زخمی ہونے اور دل کا دورہ پڑنے کے باعث اے ایف آئی سی میں داخل کرائے گئے تھے جو ابھی تک وہاں داخل ہیں،تفتیشی ٹیم نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے اور اے این ایف کی درخواست پر سابق سیکریٹری صحت خوشنود لاشاری کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں اور حکم دیا ہے کہ انھیںگرفتارکرکے عدالت پیش کیا جائے

جبکہ ایفی ڈرین مقدمہ کے2اہم ترین ملزمان مبینہ فرنٹ مین توقیر علی خان اور خوشنود لاشاری بیرون ملک چلے گئے ہیں توقیرعلی خان کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ وہ جنوبی افریقہ چلے گئے ہیں جبکہ دیگر3مفرور ملزمان کرنل(ر) طاہر الودو لاہوتی، سید تنویر حسین شاہ اور چوہدری عبدالوحیدکی گرفتاری کے لیے اے این ایف نے چھاپے شروع کر دیے ہیں،کرنل طاہر الودود بارے بتایا گیا ہے کہ وہ لاہور جبکہ دیگر دونوں ملزمان ملتان میں روپوش ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔