ٹکٹوں کی قیمت میں فلم "اے دل ہے مشکل" نے "سلطان" کو پیچھے چھوڑدیا

ویب ڈیسک  بدھ 26 اکتوبر 2016
ہدایتکار کرن جوہر کی فلم کل بھارت میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔۔ فوٹو: فائل

ہدایتکار کرن جوہر کی فلم کل بھارت میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔۔ فوٹو: فائل

ممبئی: سلمان خان کی فلم ’سلطان‘ گزشتہ سال بزنس کے اعتبار سے ریکارڈ توڑ اور تہلکہ خیز فلم تھی تاہم اب رنبیر اور ایشوریا کی نئی آنے والی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں اور اس کی ٹکٹوں کی قیمت بھی سلطان کے ٹکٹوں کے مقابلے میں کئی گناہ زیادہ ہے۔ 

فلم ڈائریکٹرکرن جوہرکو ’اے دل ہے مشکل‘ کی ریلیز کے حوالے سے کافی توقعات وابستہ ہیں جس کے وجہ سے انہوں نے سلمان خان کی فلم ’سلطان‘ کے مقابلے میں رنبیر اور ایشوریا کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کے ٹکٹس کی قیمت میں اضافہ کیا ہے۔ فلمی حلقوں کے مطابق فلم ’سلطان‘ کی ریلیز کے دوران وی آئی پی ٹکٹس کی قیمت 1800 روپے تھی لیکن حیران کن طور پر فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کی وی آئی پی ٹکٹس 2200 میں فروخت ہونے لگی ہے۔

فلم اے دل ہے مشکل بھارت میں کل ریلیز ہونے جارہی ہے اور اسی کے ساتھ اجے دیوگن کی فلم ’شیوے‘ کو بھی ریلیز ہونا تھا تاہم اس حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ دو فلموں کے ایک ساتھ ریلیز ہونے سے دونوں فلموں کا بزنس متاثر ہونے کا خدشہ ہے جب کہ کاروباری ماہرشخصیت امول موہن کا کہنا ہے کہ دونوں فلموں کے درمیان بزنس کی دلچسپ دوڑہوگی۔ اگر یہ دونوں 25 کروڑ کا بزنس کریں تو تصوراً ہر فلم ایک دن میں ساڑھے 12 کروڑ تک کا بزنس کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔