میری یا مریم کی کوئی آف شور کمپنی نہیں، وزیر اعظم کے داماد کا عدالت میں جواب

ویب ڈیسک  جمعـء 4 نومبر 2016
میرے خلاف عمران خان کی درخواستوں کو بے بنیاد قرار دے کر خارج کیا جائے۔: کیپٹن صفدر: : فوٹو : فائل

میرے خلاف عمران خان کی درخواستوں کو بے بنیاد قرار دے کر خارج کیا جائے۔: کیپٹن صفدر: : فوٹو : فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا ہے کہ میں اور میری اہلیہ باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں اور ہماری کوئی بھی آف شور کمپنی نہیں۔

وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے پاناما لیکس کے حوالے سے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا ہے۔ کیپٹن (ر) صفدر نے اپنے تحریری بیان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ میری اہلیہ مریم نواز کی کوئی آف شور کمپنی نہیں، میں اور میری اہلیہ باقاعدگی سے ٹیکس بھی ادا کرتے ہیں جبکہ ہماری جانب سے جمع کرائے گئے گوشواروں میں تمام اثاثے اور ٹیکس ریٹرن ظاہر کئے گئے ہیں، عمران خان نے جن اثاثوں کا الزام لگایا ہے میری اہلیہ کبھی ان کی مالک تھی ہی نہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: منی لانڈرنگ سے متعلق بیان زبردستی لکھوائے گئے

وزیر اعظم کے داماد نے اپنے جواب میں مزید کہا ہے کہ عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی میرے خلاف کوئی ریفرنس نہیں بھیجا اور میری نااہلی کے لئے متعلقہ فورم کے بجائے سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا جو آرٹیکل 225 کی خلاف ورزی ہے جبکہ آرٹیکل 62 اور 63 کا اطلاق بھی انتخابات سے پہلے ہوتا ہے میری اہلیت پر لگائے تمام الزامات بے بنیاد، جھوٹے اور غلط ہیں لہذٰا عمران خان کی درخواستوں کو بے بنیاد قرار دے کر درخواست کو خارج کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔