دانتوں کا خیال اورانہیں مضبوط رکھنے کی آسان ترکیبیں

ویب ڈیسک  جمعرات 2 مارچ 2017
کچھ سادہ احتیاطی تدابیر جنہیں اختیار کرکے آپ اپنے دانتوں کو لمبے عرصے تک محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

کچھ سادہ احتیاطی تدابیر جنہیں اختیار کرکے آپ اپنے دانتوں کو لمبے عرصے تک محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

واشنگٹن: دانتوں کو صاف اور صحت مند رکھنے کے لیے روزانہ دو مرتبہ دانت برش کرنے اور خلال کرنے کے مشورے عام دیئے جاتے ہیں لیکن کچھ سادہ احتیاطی تدابیر ایسی بھی ہیں جنہیں اختیار کرکے آپ اپنے دانتوں کو لمبے عرصے تک محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

امریکن ڈینٹل ایسوسی ایشن کے مطابق چند ایسی باتیں ہیں جن پر عمل کرکے آپ اپنے دانتوں کو لمبے عرصے تک محفوظ بناسکتے ہیں۔

ناخن نہ چبائیے

ماہرین کا کہنا ہےکہ ناخن نہ چبائیے کیونکہ اس سے آپ کے جبڑوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور دانتوں پر موجود انیمل کی حفاظتی تہہ بھی اُکھڑ سکتی ہے۔

برش آرام سے کیجیے

زیادہ سختی اور شدت سے دانت برش نہ کریں کیونکہ اس سے دانتوں اور مسوڑھوں دونوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ بہتر ہے کہ نرم ریشوں والے ٹوتھ برش سے دانت صاف کریں لیکن دانتوں اور مسوڑھوں پر زیادہ دباؤ نہ ڈالیے۔

دانت نہ پیسیے

دانت پیسنے اور بالائی اور نچلے جبڑوں کو ایک دوسرے پر رگڑنے سے پرہیز کریں کیونکہ اس سے نہ صرف جبڑوں میں درد ہوسکتا ہے بلکہ دانت بھی ٹوٹ سکتے ہیں۔

برف سے پرہیز

برف چبانے یا چوسنے سے گریز کریں کیونکہ برف کی ٹھنڈک اور سختی دونوں مل کر آپ کے دانتوں کو توڑ بھی سکتی ہیں۔

میٹھی چیزوں سے دور رہیے

زیادہ میٹھی چیزیں، اسنیکس اور فاسٹ فوڈ سے بچیں کیونکہ ان میں دانتوں کو کمزور بنانے اور تباہ کرنے والے اجزاء کی وافر مقداریں موجود ہوتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔