فلم ’’سیلوٹ‘‘ 2 دسمبر کو ’’آئی ایم جی سی‘‘ کے بینر تلے ریلیز ہوگی

شوبز رپورٹر / کلچرل رپورٹر  ہفتہ 19 نومبر 2016
معروف رائٹر وڈائریکٹر محمد پرویز کلیم بھی فلم میں بطور اداکار نظر آئیں گے۔ فوٹو: فائل

معروف رائٹر وڈائریکٹر محمد پرویز کلیم بھی فلم میں بطور اداکار نظر آئیں گے۔ فوٹو: فائل

لاہور: فلمسازغفوربٹ اور ہدایتکار شہزاد رفیق کی نئی فلم ’’سلیوٹ‘‘ کوبھارتی فلموں کا پاکستان میں سب سے بڑا امپورٹر ادارہ ’آئی ایم جی سی‘ 2 دسمبر کو ریلیز کرے گا۔

فلم میں اداکارہ صائمہ سمیت دیگرمعروف فنکاروں نے اہم کردار نبھائے ہیں، جب کہ اس فلم کی کہانی چند برس قبل خودکش حملہ آور کو روکتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے نوجوان اعتزاز حسن شہید کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔

اس سلسلہ میں آئی ایم جی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ عابد رشید نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ ہمارے ادارے کا مقصد پاکستانی عوام کو انٹرٹین کرنا ہے۔ فلمسازغفوربٹ اورشہزادرفیق نے ایک منفرداوراہم موضوع پرفلم بنائی ہے جس کی ملک بھرمیں نمائش کے لیے ہمارے ادارے نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

اس فلم کی کہانی جاندارہے اور اس کے ساتھ ساتھ فلم اسٹار صائمہ سمیت دیگر فنکاروں کی اداکاری بھی حقیقت کے قریب ترہے۔ اس لیے مجھے امید ہے کہ جب شائقین اس فلم کو دیکھیں گے تووہ جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہوکر سینما گھروں سے باہرآئیں گے۔

ادھر کلچرل رپورٹر کے مطابق معروف رائٹر ڈائریکٹر محمد پرویز کلیم شہزاد رفیق کی فلم ’’سیلوٹ‘‘ میں بطور اداکار جلوہ گر ہوں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔