فرقہ وارانہ ہم آہنگی سے انتہا پسند فساد پھیلانے میں ناکام ہوئے، گورنر سندھ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 20 دسمبر 2012
گورنر نے بلا تفریق انسانیت کی خدمت کی بہترین مثال قائم کی،مسیحی برادری، گورنر کی صحت ، سلامتی اور کامیابی کے لیے دعا ئیں۔ فوٹو: فائل

گورنر نے بلا تفریق انسانیت کی خدمت کی بہترین مثال قائم کی،مسیحی برادری، گورنر کی صحت ، سلامتی اور کامیابی کے لیے دعا ئیں۔ فوٹو: فائل

کراچی: گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے کہا ہے کہ صوبے میں بین المذاہب اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلیے ٹھوس اور مربوط کوششیں کی گئی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اسی وجہ سے انتہا پسند اور دہشت گرد برادریوں کے درمیان فساد پھیلانے میں کامیاب نہیں ہوپاتے ، وہ گورنر ہائوس میں کرسمس کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں مسیحی برادری کے نمائندہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ، اس موقع پر دیگر مذاہب کے لوگ بھی موجود تھے ، مسیحی برادری کے نمائندوں نے ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بحیثیت گورنر سندھ 10 سال مکمل کرنے پر مبارک باد بھی دی۔

انھوں نے کہا کہ ان 10 برسوں میں گورنر سندھ نے مختلف مذاہب کے افراد اور بلا تفریق انسانیت کی خدمت کی بہترین مثال قائم کی ، انھوں نے گورنر کی صحت ، سلامتی اور کامیابی کے لیے دعا بھی کی ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مسیحی برادری کو کرسمس کے ساتھ نئے سال کی پیشگی مبارکباد بھی دی ، گورنر نے کہا کہ انھوں نے تمام مذاہب کے لوگوں کے لیے گورنر ہائوس کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھے ہیں ،تمام مذاہب کے لوگ بھائی چارے اور امن و محبت کے ساتھ آگے بڑھیں گے تو ملک بھی مثالی ترقی کرے گا۔

06

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی و مذہبی دونوں لحاظ سے لوگوں کی اکثریت مجموعی طور پر معتدل اور روشن خیال ہے ، انتہائی قلیل تعداد میںموجود انتہا پسند اکثریت پر اپنی سوچ نافذ کرنا چاہتے ہیں ، یہاں تک کہ انسداد پولیو مہم کو بھی دہشت گردی کانشانہ بنا رہے ہیں ، گورنر نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قوم متحد ہے ، حکومت اور عوام مل جل کر منفی سوچ و عمل کو ناکام بنا ئیں گے اور اس مرحلے سے سرخرو ہو کر نکلیں گے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔