فیکٹری میں ڈکیتی کی کوشش ناکام ،3ڈاکو گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 20 دسمبر 2012
فیکٹری انتظامیہ نے اہلکاروںکو نقد انعام دیا،ڈی آئی جی کاتعریفی اسناد دینے کا اعلان۔ فوٹو: فائل

فیکٹری انتظامیہ نے اہلکاروںکو نقد انعام دیا،ڈی آئی جی کاتعریفی اسناد دینے کا اعلان۔ فوٹو: فائل

کراچی: شرافی گوٹھ پولیس نے ڈبل روٹی بنانے والی فیکٹری میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 ڈاکوؤں کو مقابلے کے بعد گرفتار کر کے اسلحہ ، نقدی اور موبائل فون برآمد کرلیے۔

فیکٹری کی انتظامیہ نے پولیس کی فوری کارروائی پر پولیس پارٹی کو نقد انعام سے نوازا جبکہ ڈی آئی جی ایسٹ نے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے، تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او شرافی گوٹھ اخلاق احمد کو دوران گشت اطلاع ملی تھی کہ مرتضیٰ چورنگی کے قریب واقع ڈبل روٹی بنانے والی فیکٹری میں ڈاکو لوٹ مار میں مصروف ہیں جس پر انھوں نے فوری طور پر اضافی نفری طلب کر کے فیکٹری کا گھیراؤ کرلیا پولیس کو دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی اور گلیوں میں فرار ہوگئے۔

10

تاہم پولیس نے سخت جدوجہد اور جوابی فائرنگ کے بعد 3 ڈاکوؤں رحمت ، سلیمان اور سلیم شاہ کو گرفتار کر کے 3 ٹی ٹی پستول ، 88 ہزار روپے نقد اور 21 موبائل فون برآمد کرلیے ، پولیس کی فوری کارروائی کو فیکٹری انتظامیہ نے سراہتے ہوئے پولیس پارٹی کو نقد انعام سے نواز جبکہ ڈی آئی جی ایسٹ شاہد حیات نے بھی تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے ، اخلاق احمد کے مطابق گرفتار ملزمان شرافی گوٹھ کے علاقے فیوچر کالونی کے رہائشی ہیں اور انھوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔