وظائف کا اجرا طلبا کی لیاقت کا اعتراف ہے،ڈاکٹرمحمد قیصر

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 20 دسمبر 2012
ایچ ای سی کے تعاون سے میرٹ کی بنیاد پر وظائف کا سلسلہ قائم کیا گیا ہے. فوٹو: فائل

ایچ ای سی کے تعاون سے میرٹ کی بنیاد پر وظائف کا سلسلہ قائم کیا گیا ہے. فوٹو: فائل

کراچی: جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرمحمد قیصرنے کہاہے کہ ذہین اور با صلاحیت طلبہ وطالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے ایچ ای سی کے تعاون سے میرٹ کی بنیاد پر وظائف کا سلسلہ قائم کیا گیا ہے۔

تاکہ پبلک سیکٹرمیں داخل کسی طالب علم کا مالی مشکلات کے سبب سلسلہ تعلیم منقطع نہ ہو چنانچہ ایسے طلبا کے لیے نجی شعبے کے تعاون سے وظائف ودیگر مراعات دی جارہی ہیں،یہ بات شیخ الجامعہ نے کلیہ علوم میں مختلف شعبہ جات کے 56 طلبا وطالبات کو  ’’وظائف برائے سال 2012 ‘‘ کی پہلی قسط کے لیے مٹسو بشی کارپوریشن اسکالر شپ کے چیکس تفویض کرنے کے موقع پرکہی جس کا اہتمام فنانشل ایڈ آفس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمد خان نےکیا تھا۔

4

اس موقع پر مذکورہ فرم مٹسو بشی کارپوریشن کے جنرل مینجرماہر عباس، مینجر کارپوریشن ایاز احمد خان،اسسٹنٹ مینجرمحمد افروز اور اسسٹنٹ مینجر ایچ آر ثناء میسا نے کہا کہ ہماری کمپنی دنیا بھر میں تعلیم کے فروغ کے لیے کام کررہی ہے اور ذہین طلبہ کو مالی اعانت کرنے میں خوشی محسوس کرتی ہے کیونکہ یہی طلبہ کل آگے جاکر پاکستان کے ہر شعبہ زندگی میں نیابت کریںگے،شیخ الجامعہ نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی صرف اور صرف تعلیم کے فروغ میں ہی مضمر ہے تعلیم وتحقیق پر نجی وسرکاری شعبوںکو مل کر کام کرنا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت جاپان اور مٹسو بشی کارپویشن کے لیے پاکستانی طلبہ کو وظائف کی معقول رقم کا ہر سال اجراء ’’تعلیمی کلچر ‘‘ کے فروغ کے لیے لائق تحسین خدمت ہے ،ہم جاپانی عوام اور حکومت کے سپاس گزار ہیں،اس موقع پر رجسٹرارپروفیسر ڈاکٹر منصور،رئیس کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر نصر ت جمیل،رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال ،رئیس کلیہ علم الادویات پروفیسر ڈاکٹر غزالہ حفیظ رضوانی ،رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر شکیل اوج اور احسان الحق کے علاوہ دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔