خوابوں کی تعبیر

میاں مشتاق احمد عظیمی  اتوار 27 نومبر 2016
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

دروازے پر نقش و نگار
نسیم بیگم ،کراچی
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میرے گھر کا دروازہ بہت خوبصورت ہوتا ہے اس پر قدیم زمانے کے نقش و نگار کندہ ہوتے ہیں۔ میں بڑے غور سے اس دروازے کو دیکھتی ہوں تو مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نقش ونگار دروازے سے ابھرتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں، پھر اس پر رنگ و روغن بھی اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے۔ میں کافی دیر تک اس دروازے کو دیکھتی ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی دولت اور عزت میں اضافہ ہوگا۔ آپ کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہوگا۔ آپ کے کاروبار میں بھی اضافہ ہوگا جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ گھر میں آرام اور سکون ملے گا۔ بچوں سے بھی پیار ملے گا۔ آپ نمازپنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاشکوریاحفیظ کا ورد بھی جاری رکھیں اور کچھ اللہ کی راہ میں خیرات بھی کریں۔

میرے ہاتھوں میں کنگن
عمرانہ کومل۔ لاہور
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے شوہر کے ساتھ اس کے کسی دوست کے گھر میں دعوت پر جاتی ہوں۔ میں نے اچھے کپڑے پہنے ہوئے ہوتے ہیں اور میرے دونوں ہاتھوں میں دو سونے کے کنگن بھی ہوتے ہیں۔ دونوں کنگن میرے ہاتھوں میں بڑے اچھے لگ رہے ہوتے ہیں۔ جب میں دعوت میں ہوتی ہوں تو وہاں پر دیگر بہت سی خواتین ہوتی ہیں۔ پھر میں نے محسوس کیا کہ کچھ خواتین میرے ہاتھوں کے کنگن کو دیکھ رہی ہوتی ہیں۔ میں یہ بات محسوس کرکے بہت زیادہ خوش ہوتی ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کوظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی دلی مراد پوری ہوگی۔ گھر میں آرام اور سکون ملے گا۔ آپ کے شوہر آپ سے محبت کریں گے اور آپ کا خیال بھی رکھیں گے۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہوگا اور آپ کے کاروبار میں بھی برکت ہوگی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں اور کچھ اللہ کی راہ میں خیرات کیا کریں۔

خوبصورت وادی
دلبر خان، سوات
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے گاؤں میں ہوتا ہوں۔ پھر وہاں سے شہر کی طرف آرہا ہوتا ہوں تو راستے میں ایک جگہ کھڑا ہو جاتا ہوں اور اس وادی کو بڑے غور سے دیکھتا ہوں جو پہاڑ کے دامن میں ہوتی ہے۔ بڑی شاداب اور خوبصورت وادی ہوتی ہے اس کے کنارے ایک چھوٹی سی ندی بھی گزرتی ہے۔ وادی میں ہر طرف سبزہ ہی سبزہ ہوتا ہے اوراس کے درخت چیر کے ہوتے ہیں۔ جو کافی زیادہ بلند نظر آتے ہیں جس نے وادی کے حسن کو اور زیادہ دلکش بنا دیا ہوتا ہے۔ میں وہاں کھڑا ہوتا ہوں۔ اس شاداب وادی کا نظارہ کررہا ہوتا ہوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کوظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو راحت اور آرام ملے گا۔ دین اور اسلام کے ساتھ ایک قلبی رشتہ زیادہ استوار ہوگا۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہوگی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ دوستوں اور احباب میں آپ کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہوگا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی کریں اور رات کو سونے سے پہلے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پاک کا مطالعہ کیا کریں۔

 

پرانے کپڑے اتارنا
خالدہ مشتاق، خانیوال
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں ہوتی ہوں۔ پھر الماری سے اپنے کپڑے نکال رہی ہوتی ہوں۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے پرانے کپڑے جو میں نے پہن رکھے ہوتے ہیں ان کو اتارتی ہوں۔ پرانے کپڑے اتارتے ہوئے مجھے محسوس ہوتا ہے کہ ان کپڑوں کے اندر بدبو پیدا ہو چکی ہوتی ہے جس سے میری طبیعت بھی خراب ہونے لگتی ہے۔ میرے اندر یہ احساس پیدا ہوتا ہے کہ میں نے یہ کپڑے اتنے دن کیوں پہنے رکھے۔

پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو فکر اور غم سے نجات ملے گی۔ آپ کے کاروبار اور رزق میں اضافہ ہوگا۔ جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ کو اپنے قرض اتارنے میں آسانی پیدا ہوگی۔ گھر میں آرام اور سکون ملے گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

سر پر پگڑی باندھنا
نثار علی ، بھکر
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے مرشد پاک کے عرس پر گیا ہوتا ہوں۔ جب میں خانقاہ کے صحن میں جاتا ہوں تو وہاں پر کئی لوگ ایک بزرگ کے پاس بیٹھے ہوتے ہیں۔ میں جب غور سے دیکھتا ہوں تو وہ میرے مرشد ہوتے ہیں۔ میں ان کے قریب جاتا ہوں تو بڑی شفقت سے ایک پگڑی میرے سر پر باندھ دیتے ہیں۔ پھر ان کے پاس ایک مٹھائی کا ڈبہ پڑا ہوتا ہے۔ اس میں سے ایک لڈو نکال کر وہ میرے منہ میں ڈال دیتے ہیں۔ میں بہت خوش ہوتا ہوں تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو کسی سلسلہ میں روحانی فیض ملے گا اور اس سلسلہ کی بزرگی عطا ہوگی۔ آپ اولیاء اللہ کی جماعت میں شامل ہو سکتے ہیں۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہوگی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں۔ کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

سرخ رنگ کا اونٹ
نوازش حسین، اوکاڑہ
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے آفس میں ہوتا ہوں۔ وہاں اندھیرا ہوتا ہے۔ میں نے دیکھا کہ ایک سرخ رنگ کا اونٹ سیڑھیوں کے پاس کھڑا ہوتا ہے۔ میں بہت زیادہ حیران ہوتا ہوں کہ یہ اونٹ میرے آفس کے پاس کیسے آگیا۔ اونٹ اپنی موٹی موٹی آنکھوں سے مجھے دیکھتا ہے اور پھر غصے سے میری طرف آتا ہے۔ میں اس سے بچنے کے لئے ایک طرف دوڑتا ہوں۔ میں اس کو اپنے سے دور رکھنے کی کوشش کرتا ہوں مگر وہ اونٹ اپنا لمبا منہ میرے سر پر مارتا ہے اور میں زمین پر گر جاتا ہو ں۔ پھر اسی تکلیف کی وجہ سے میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی کمینہ دشمن آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا۔ کاروبار میں بھی رکاوٹ اور بندش پیدا ہوسکتی ہے اور کوئی پریشانی بھی پیدا ہوسکتی ہے۔ آپ کے مال اور وسائل میں بھی کمی پیدا ہو سکتی ہے۔ جس سے آپ کا نقصان ہو سکتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

کمرے میں سانپ دیکھنا
جاوید شاہ، لاہور
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں سو رہا ہوں کہ اچانک ایک سانپ میرے کمرے میں کہیں سے آجاتا ہے۔ میں اس کو دیکھ کر بہت زیادہ پریشان ہوتا ہوں۔ میں اٹھ کر فوراً دروازہ بند کرکے باہر سے ایک ڈنڈا اٹھا کر لاتا ہوں اوراس کو ڈھونڈنا شروع کردیتا ہوں مگر کہیں نہیں ملتا۔ جب میں دروازہ کھول کر باہور آتا ہوں تو سانپ باہر کی طرف بھاگ کر ہمارے لان کی طرف جا رہا ہوتا ہے میں جلدی سے اس کے پیچھے بھاگتا ہوںمگر و ہ نہ جانے کہاں چلاجاتا ہے۔ پھر اسی پریشانی میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتاہے کہ اللہ نہ کرے آپ کے خاندان میں سے کوئی شخص آپ کا دشمن بن جائے گا اور پھر وہ آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا۔ مگر اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ ان سے محفوظ رہیں گے۔ پریشانی عارضی ہوسکتی ہے۔ دشمن اپنی موت آپ مرجائے گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں۔ ہرنماز کے بعد کثرت سے استغفار کریں اور کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں۔

صاف شفاف پانی سے منہ دھونا
آمنہ بیگم، مری
خواب میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے علاقہ میں ایک چشمہ کے قریب سے گزرتی ہوں آگے جاکر میں واپس گاڑی میں اسی جگہ پر واپس آتی ہوں اور اس چشمے کے پاس اپنی گاڑی کھڑی کرکے نیچے اترتی ہوں۔ میں نے دیکھا کہ چشمے کا پانی نہایت ہی صاف اور شفاف ہے پھر میں اس پانی سے اپنا منہ دھوتی ہوں اور پانی ہاتھ میں لے کر پی بھی لیتی ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہرکرتاہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے بیماری سے شفا ہوگی۔آپ کی صحت اور تندرستی میں اضافہ ہوگا۔ عزت اور توقیر میں اضافہ ہوگا۔آپ کا مرتبہ بلند ہوگا گھر میں راحت اور سکون ملے گا۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہوگی۔ جس سے آپ کے مال اور وسائل میں اضافہ ہوگا۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیاکریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں۔

شہر سے دھواں نکلتادیکھنا
خالد جاوید، اوکاڑہ
خواب: میں نے دیکھا کہ میں کسی شہر میں ہوتاہوں۔ یہ شہر بالکل آباد ہوتاہے۔ مگر ایک دم شہر سے دھواں نکلنا شروع ہو جاتا ہے۔ میں پریشانی کے عالم میں ایک سڑک پر بھاگنا شروع کردیتا ہوں۔ میری سمجھ میں کچھ نہیں آتا کہ میں کس سڑک پر بھاگ رہاہوں۔ میں نے دیکھا کہ میرے ساتھ کچھ اور لوگ بھی بھاگ رہے ہوتے ہیں۔ پھر دوسری سڑک پر بھاگنا شروع کرتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کہ کوئی پریشانی غم یا خوف کا سامنا ہو سکتا ہے۔ شہر کے اندر وباء کے پھیلنے کا بھی اندیشہ ہو سکتا ہے۔ شہر کے اوپر کوئی ظالم حاکم بھی مسلط ہو سکتا ہے جس سے شہر کی معاشرتی اور معاشی زندگی مفلوج ہو سکتی ہے۔ کاروبارمیں بھی کمی آسکتی ہے جس سے آپ کے مال اور وسائل میں کمی آسکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے استغفار کریں اور صدقہ و خیرات بھی کریں۔

 

بال سفید دیکھنا
چودھری حاکم علی، قصور
خواب :۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں ہوتا ہوں اور چارپائی سے اٹھ کر واش روم میں جاتا ہوں تو شیشہ میں اپنی شکل کو دیکھتا ہوں۔ میں نے دیکھا کہ میرے سر کے تمام بال سفید ہو چکے ہیں۔ میں باربار دونوں ہاتھ سفید بالوں پر لگاتا ہوں پھر میں سوچتا ہوں کہ کل صبح کو میرے سر کے تمام بال کالے تھے مگر اب سب سفید ہوگئے ہیں۔ میں اسی سوچ میں ہوتا ہوں کہ آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جواس بات کو ظاہر کرتاہے کہ آپ کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہوگا۔آپ کا مرتبہ بلند ہوگا۔ گھر میں راحت اور سکون ملے گا۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہوگی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں اضافہ ہوگا۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیاکریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں۔

کپڑوں کو آگ لگ جاتی ہے
نسرین بیگم، کراچی
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے باروچی خانے میں ہوتی ہوں اور بچوں کے لئے ناشتہ بنا رہی ہوں کہ میرے دوپٹہ میں آگ لگ جاتی ہے اور جلد ہی میرے کپڑوں میں پھیل جاتی ہے۔ میری بڑی بیٹی جلدی سے آتی ہے اور ایک کمبل میرے اوپر ڈال کر آگ کو بجھانے کی کوشش کرتی ہے۔ پھر تھوڑی دیر میں آگ بجھ جاتی ہے۔آگ سے میرے کپڑے جسم سے چپک جاتے ہیں اور میں رونا شروع کر دیتی ہوں۔ میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی غم یا خوف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ آنکھوں اور جسم کے کسی حصہ کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے کوئی بندش یا رکاوٹ ہو سکتی ہے۔کاروبارمیں بھی کمی آسکتی ہے جس سے آپ کے مال اور وسائل میں کمی آسکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے استغفار کریں اور صدقہ و خیرات بھی کریں۔

باغ میں ہد ہد کی آواز
جاوید احمد، لاہور
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ صبح سیر کیلئے اپنے گھر کے قریبی سرسبز اور خوبصورت باغ میں ہوں۔ وہاں بہت سے پرندے ہوتے ہیں۔ بہت سے درخت ہیں۔ ان درختوں کے نیچے سے گزرتا ہوں۔ درخت کے اوپر ہد ہد بیٹھی ہوتی ہے اور وہ اپنی میٹھی آواز میں اللہ تعالیٰ کی حمد وثناء بیان کر رہی ہوتی ہے۔ میں اس درخت کے پاس کھڑا اس کی آواز سے لطف اندوز ہو رہا ہوتا ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتاہے کہ کوئی دلی مراد پوری ہوگی۔کسی کام کے سلسلہ میں آپ کو کامیابی ہوگی۔ علم وحکمت میں اضافہ ہوگا۔ کاروبارمیں اضافہ ہوگا اور آپ کی تنگدستی اور پریشانی دور ہوگی۔آپ کے کاروبار میں برکت ہوگی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں اضافہ ہوگا۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیاکریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں۔کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

نیاز بو کا پودا دیکھنا
احمد علی، ملتان
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں اپنے ایک دوست کو ملنے کیلئے اس کے گھر جاتا ہوں۔ اس کا گھر بہت بڑا ہوتا ہے اور اس نے گھر کے باہر کافی تعداد میں پھول اور پودے لگا رکھے ہیں۔ ان میں کچھ پودے نیاز بو کے بھی ہوتے ہیں۔ نیاز بو کی بڑی اچھی خوشبو ہوتی ہے اور میں بیٹھ کر اس پودے کی خوشبو کو سونگھتا ہوں جس سے مجھے کافی زیادہ راحت ملتی ہے۔ میں تمام پودوں کو دیکھتا ہوں جس میں کافی تعداد میں پھول بھی ہوتے ہیں۔ تو پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو خوشخبری ملے گی۔ اللہ تعالیٰ آپ کو فرزند عطا فرمائے گا جس سے آپ کے خاندان کو عزت اور وقار ملے گا۔ آپ کی دین و دنیا دونوں میں بہتری آئے گی۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا اور آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ کو اپنے مقاصد میں کامیابی ملے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا عزیز کا ورد بھی جاری رکھیں۔

کھیت میں سکے ملتے ہیں
چوہدری شہباز ، ساہیوال
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کھیت میں ہل چلا رہا ہوتا ہوں۔ اچانک میرے ہل کی نوک کسی چیز سے ٹکراتی ہے۔ میں فوری طور پر ہل چلانا بند کر دیتا ہوں ۔ وہاں سے زمین کو کھودتا ہوں تو مجھے زمین سے کچھ تانبے کے سکے ملتے ہیں۔ میں ان تمام کو اس جگہ سے باہر نکالتا ہوں اور ان سے مٹی اتارتا ہوں۔ یہ سکے کافی پرانے ہوتے ہیں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو مقدمے میں فتح نصیب ہو گی۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ آپ کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں۔ اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی کیا کریں۔ رات کو سونے سے پہلے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پاک کا مطالعہ کیا کریں۔

دکان میں بندش
شہزاد احمد، ملتان
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میری گارمنٹس کی دوکان پر کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے تالا لگ چکا ہے۔ میں یہ خواب دیکھ کر بہت زیادہ پریشان ہو جاتا ہوں۔ اصل میں میری دوکان بہت مشکل سے چل رہی ہے اور گھر میں اکثر اوقات کھانے پینے کی بہت زیادہ تنگی ہوتی ہے۔ میرے ایک عزیز نے ایک عامل کا بتایا تھا۔ میرے وہ عامل صاحب بہت زیادہ رقم کا تقاضا کرتے ہیں جو میں ادا نہیں کر سکتا تھا۔ آپ مہربانی فرما کر کوئی نقش یا کچھ پڑھنے کے لئے وظیفہ بتا دیں۔

تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی و غم اور خوف مسلط ہو سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ آپ کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھیں۔ اس کی ذات انشاء اللہ آپ کی یہ مشکل بھی حل کر دے گی۔ آپ بعد از نماز عشاء اول و آخر گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 41مرتبہ آیت الکرسی پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا کریں۔ انشاء اللہ وسائل میں بہتری آ جائے گی۔ آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اورسجدے میں جا کر نہایت عاجزی سے اللہ تعالیٰ سے دعا کریں۔ آپ مہربانی فرما کر ایک جوابی لفافہ مراقبہ ہال۔158۔ مین بازار مزنگ، لاہور کے پتہ پر ارسال فرما دیں انشاء اللہ آپ کو نقش ارسال کر دوں گا۔ اور آپ کے لئے مراقبہ ہال میں دعا بھی کروا دی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔