ڈونلڈ ٹرمپ نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کو مضحکہ خیز قرار دے دیا

ویب ڈیسک  پير 28 نومبر 2016
ہلیری کلنٹن نے بھی نتائج تسلیم کرکے مجھے مبارک باد دی تھی اس لئے اب آگے بڑھنا چاہیے، نومنتخب امریکی صدر. فوٹو:فائل

ہلیری کلنٹن نے بھی نتائج تسلیم کرکے مجھے مبارک باد دی تھی اس لئے اب آگے بڑھنا چاہیے، نومنتخب امریکی صدر. فوٹو:فائل

نیویارک: نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے مطالبے کو مضحکہ خیز قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں، ہلیری کلنٹن نے بھی نتائج تسلیم کرکے مجھے مبارک باد دی تھی، ہمیں نتائج کو تسلیم کرکے مستقبل کی طرف بڑھنا چاہیے۔

امریکی میڈیا کے مطابق گرین پارٹی کی صدارتی امیدوار جل اسٹین کی جانب سے وسکونسن میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر نو منتخب امریکی صدر نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نتائج کوچیلنج کرکے جل اسٹین اپنی تجوری بھرنا چاہتی ہیں، نتائج چیلنج کرنے کے بجائے نتائج کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہیلری کلنٹن اپنی شکست تسلیم کی اور مجھے مبارکباد دی اس لئے اب مستقبل کی جانب بڑھنے چاہیئے تاہم ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ گرین پارٹی کی جعل سازی ہے۔

گرین پارٹی کی امیدوار جل اسٹین نے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی ہے جس میں وسکونسن میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا گیا ہے جب کہ انہوں نے مشی گن اور پنسلوانیا میں بھی اسی طرح کی درخواستیں دینے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ دھاندلی کے الزامات سب سے پہلے خود ٹرمپ نے لگائے تھے، انتخابی مہم کے دوران انھوں نے کہا تھا کہ اگر فیصلہ ان کے حق میں نہیں آیا تو نتائج تسلیم نہیں کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔