پاکستان ایروناٹیکل کمپلکس کراچی چیمبرکے ساتھ کام کریگا

بزنس رپورٹر  منگل 29 نومبر 2016
ملک کادفاع کرناجانتے ہیں،تاجربلاخوف کاروبارکریں،ایئرمارشل ارشد،سیمینار سے خطاب ۔  فوٹو : فائل

ملک کادفاع کرناجانتے ہیں،تاجربلاخوف کاروبارکریں،ایئرمارشل ارشد،سیمینار سے خطاب ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: پاکستان ایروناٹیکل ( پی اے سی) کمپلکس کے چیئرمین ایئر مارشل ارشد ملک نے باہمی تعاون سے مواقع کی تلاش اور آئیڈیازکے تبادلوں کے لیے پی اے سی اور کے سی سی آئی کے نمائندوں پرمشتمل کمیٹی کے قیام کا اعلان کردیا ہے۔

یہ بات انہوں نے کراچی چیمبرآف کامرس میں منعقدہ سیمینارسے خطاب میں کہی۔ انہوں نے پی اے سی کے ایئر وائس مارشل فواد یونس کا کمیٹی کیلیے نام دیتے ہوئے کہاکہ مزید2 افسران بھی اس کا حصہ ہوں گے جبکہ سراج قاسم تیلی نے کراچی چیمبر سے میاں ابرار احمدکانام تجویزکرتے ہوئے کہا کہ چیمبر کے دیگر 4 سے5 ممبران چیمبرکی نمائندگی کریں گے۔ ایئرمارشل ارشد ملک نے سرحد پر جاری کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ وہ اچھی طرح واقف ہیں کہ سرحد پر کیا ہو رہا ہے اور اگر بدقسمتی سے صورتحال مزید خراب ہوئی تو وہ جانتے ہیں کہ انہیں کیا کرنا ہے، تاجربرادری پرسکون اور محفوظ ماحول میں اپنا کاروبار جاری رکھے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایئر فورس شاندار اندا زمیں کام کررہی ہے اور پی اے سی کامرہ وقتاً فوقتاً جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہوتا رہاہے، ہم دنیا کی واحد ایئر فورس ہیں جو فائٹر ایئرکرافٹس کو ڈیزائن، پیدا اور برآمد کرتے ہیں۔

انہوں نے حال ہی میں ترکش ایئرفورس کے ساتھ ہونے والے سودے کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ترکی نے پی اے سی کے دیسی ساختہ سپر مشاق کا انتخاب برادرانہ تعلقات کی بنا پر نہیں بلکہ امریکا، یونان اور جرمنی جیسے حریف ممالک کے مقابلے میں میرٹ کی بنیاد پر کیا، ہمارے پاس ٹیکنالوجی کے لحاظ سے بہت صلاحیت موجود ہے اور ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ کس طرح اس سے فائدہ اٹھایا جائے اور اس کا استعمال کیاجائے۔

انہوں نے تاجر وصنعتکار برادری سے مدد طلب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری نظر آپ کی جیبوں پر نہیںبلکہ کراچی کی تاجر و صنعتکار برادری کی کاروباری صلاحیتوں پر ہے، ہم چاہتے ہیں کہ نجی شعبہ آگے آئے، ساتھ کام کرے اور ذمے داریاں سنبھالے، ہمیں ایک دوسرے کے خیالات، مشوروں سے سیکھنا چاہیے اور ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ کے سی سی آئی کی جانب سے تمام تر تجاویز کو پی اے سی مثبت انداز میں لے گا۔ اس موقع پر بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے کراچی چیمبر اور پی اے سی کامرہ کے مابین ایک نظام قائم کرنے پر زور دیا تاکہ دونوںادارے باہمی تعاون کو بڑھانے پر توجہ دے سکیں۔

انہوں نے کے سی سی آئی اور پی اے سی کی کمیٹی کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کمیٹی کو کے سی سی آئی کی جانب سے سابق صدر میاںابرار احمد سربراہی کریں گے جس میں 4 سے 5 ممبران بھی شامل ہوں گے۔ کراچی چیمبرکے صدر شمیم احمد فرپو نے کہاکہ اس سے دونوں اداروں کو ایک دوسرے کے زیادہ قریب آنے کے ساتھ ساتھ قومی ایوی ایشن انڈسٹری کی ترقی کیلیے مؤثر انداز میں مشترکہ کوششیں کرتے ہوئے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔