ٹریفک قوانین پرعملدرآمد کوہرصورت یقینی بنایا جائے گا، شہبازشریف

ویب ڈیسک  منگل 29 نومبر 2016
ٹریفک مینجمنٹ کی بہتری سے شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے نجات دلانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے، وزیر اعلی: فوٹو: فائل

ٹریفک مینجمنٹ کی بہتری سے شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے نجات دلانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے، وزیر اعلی: فوٹو: فائل

 لاہور: وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریفک مینجمنٹ کو بہتربنایا جائے گا جب کہ ٹریفک قوانین پرعملدرآمد کوہرصورت یقینی بنایا جائے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت ٹریفک نظام کوبہتربنانے کیلئے قائم اسٹیئرنگ کمیٹی کا دوسرا اجلاس ہوا، اجلاس میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز، سفارشات اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلی نے اجلاس کے دوران کہا ہے کہ بہترین ٹریفک مینجمنٹ سسٹم مہذب معاشروں کی پہچان ہوتا ہے، شہروں میں ٹریفک کے نظام میں بہتری کیلئے موثر اور جامع اصلاحات لائی جا رہی ہیں، جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریفک مینجمنٹ کو بہتربنایا جائے گا، ٹریفک مینجمنٹ کی بہتری سے شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے نجات دلانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے اوراربوں روپے کی لاگت سے روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر کیا گیا ہے اب ٹریفک مینجمنٹ میں بھی بہتری آنی چاہیے۔

وزیر اعلی نے کہا کہ ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے حوالے سے کوئی بھی اقدامات اٹھانے کے لئے کسی قسم کی سمری بھجوانے کی ضرورت نہیں ، ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے لئے سفارشات اور تجاویز کی روشنی میں آئندہ چند روزمیں حتمی پلان پیش کیا جائے جب کہ ٹریفک مینجمنٹ میں ٹریفک ایجوکیشن کا کرداربنیادی اہمیت کا حامل ہے۔

وزیر اعلی نے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ٹریفک کے بہاؤ اور ٹریفک کی صورتحال سے ذرائع ابلاغ کے ذریعے آگاہی دینے کا موثر نظام بنایا جائے، ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے ایسے موثر اقدامات کئے جائیں کہ لوگ خود ٹریفک کے نظام میں بہتری محسوس کریں، ٹریفک مینجمنٹ سے متعلقہ تمام ادارے مربوط اندازسے کام کریں، زبانی جمع خرچ کی بجائے نتائج دیں اورٹریفک قوانین پرعملدرآمد کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلی نے کہا کہ کم عمرڈرائیونگ کی روک تھام کیلئے زیروٹالرنس کی پالیسی ہونی چاہیے، موٹر سائیکل چلانے والوں کو ہیلمٹ کے استعمال کا پابند بنایا جائے جب کہ ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے اسکولوں، کالجوں ، سرکاری و نجی اداروں میں ٹریفک ایجوکیشن پر سیمینارکرائے جائیں اورٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کی مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔