سلو اوورریٹ؛ مصباح الحق کے بعد اظہرعلی پربھی جرمانہ عائد

ویب ڈیسک  منگل 29 نومبر 2016
اظہر علی پر میچ فیس کا 100 فیصد جب کہ دیگر کھلاڑیوں پر 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا، آئی سی سی، اظہر علی۔ فوٹو: فائل

اظہر علی پر میچ فیس کا 100 فیصد جب کہ دیگر کھلاڑیوں پر 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا، آئی سی سی، اظہر علی۔ فوٹو: فائل

دبئی: آئی سی سی نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دینے والے اظہر علی پر سلو اوور ریٹ کی وجہ سے میچ فیس کا 100 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ہیملٹن میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دینے والے اظہر علی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے، اظہر علی پر سلو اوور ریٹ کی وجہ سے میچ فیس کا 100 فیصد جب کہ دیگر کھلاڑیوں پر 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

آئی سی سی الیٹ پینل کے میچ ریفری رچی رچرڈسن کا کہنا تھا کہ اظہر علی کی ٹیم مقرر وقت پر 5 اوور پیچھے تھے جب کہ آن فیلڈ امپائر اور تھرڈ امپائر کی رپورٹ پراظہر علی اور ان کی ٹیم پر آئی سی سی کے قانون کے مطابق جرمانہ عائد کیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ مصباح الحق کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر ایک میچ کیلیے معطل

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستانی ٹیم کو سلو اوور ریٹ کی وجہ سے جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا جس میں آئی سی سی نے پاکستان کے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق پر ایک میچ کی پابندی اور میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ عائد کیا تھا جب کہ دیگر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

واضح رہے نیوزی لینڈ نے قومی ٹیم کو دونوں ٹیسٹ میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی جب کہ گرین شرٹس اب آسٹریلیا سے ٹیسٹ میچ کھیلنے جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔