فنڈز کی منصفانہ تقسیم

ایڈیٹوریل  بدھ 30 نومبر 2016
مالی معاملات اور فنڈزکی منصفانہ تقسیم سے معاملات مزید بہتر ہوسکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

مالی معاملات اور فنڈزکی منصفانہ تقسیم سے معاملات مزید بہتر ہوسکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان ایک وفاقی اکائی ضرورہے لیکن صوبوں کے درمیان محاصل کی تقسیم این ایف سی ایوارڈ کے تحت ہوتی ہے۔ یہ ایک ایسا مثبت پلیٹ فارم جس کے ذریعے سب اپنے مسائل بیان کرتے ہیں، شکوہ شکایت بھی ہوتے ہیں اورپھر مل بیٹھ کر ان کا حل نکالا جاتا ہے اورگلے شکوے بھی دورکر کے گلے ملا جاتا ہے، سب اپنا اپنا مقدمہ موثر اور مدلل انداز میں پیش کرتے ہیں، کیونکہ مالیاتی ایوارڈ میں بہتر حصہ ملنے کی صورت میں صوبوں میں ترقی کا عمل تیز تر ہوتا ہے۔ اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبائی خودمختاری کا معاملہ کافی حد تک حل ہوا ہے۔

اسی تناظر میں نویں قومی مالیاتی کمیشن اجلاس میں پہلی  بار دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اخراجات میں اضافے کے باعث فنڈزکے لیے مجموعی محاصل کا تین فیصد مختص کرنے کی تجویز دی گئی۔ صوبوں نے نئے این ایف سی ایوارڈ کے اجرا میں تاخیر پر تحفظات کا اظہارکیا، سندھ نے خام تیل پر پانچ فیصد لیوی یا ٹیکس عائد کرنیکا مطالبہ کیا تو صوبہ کے پی کے نے مجموعی قومی محاصل کا پانچ فیصد دینے کی سفارش کی، سندھ حکومت کے ممبر نے بھی کراچی میں جاری آپریشن کی وجہ سے حصہ مانگا۔

غازی بروتھا کے حوالے سے کے پی کے کا کلیم۔ صوبوں کے نمایندگان کے مطالبات کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ کمیشن کے چیئرمین کے طور پر میرا کردار نیوٹرل ہے،اسمارٹ میٹر تین سے چار ماہ میں لگ جائیں گے جس کے بعد شکایات میں کمی آجائے گی۔ وفاق چاہے بھی تو صوبوں کا حصہ کم نہیں ہو سکتا، سندھ کے بجلی کے بلوں کے واجبات کا ایشو چھ سال بعد حل کردیا ہے،جب کہ صوبوں کی جانب سے اشیاء پر لگے ٹیکسز وفاق سے زائد اکٹھے کرنے پر ان کا حصہ صوبوں کودینے کی بات کی گئی ہے۔

اختیارات کی عدم مرکزیت سے وفاق مزید مضبوط ہوا ہے، مالی معاملات اور فنڈزکی منصفانہ تقسیم سے معاملات مزید بہتر ہوسکتے ہیں، ریاست اپنا کردار بحیثیت ماں ادا کرے، تو پھر دلوں میں فرق نہیں آئے گا اور نفرتیں خودبخود دم توڑ جائیں گی، لیکن ایک مضبوط وفاقی نظام کی سوچ کے تحت معاملات چلائے گئے تو پھر ہمیں ’سانحہ مشرقی پاکستان‘ کو نہیں بھولنا چاہیے۔ جوجائز مطالبات ہیں انھیں فوری طور پر پورا کیا جانا چاہیے،اس کے لیے متفقہ طور پر نویں این ایف سی ایوارڈ کا اعلان جلد سے جلد کیا جائے۔صوبوں کی مشکلات کو حل کرنے سے وفاقی نظام حکومت مضبوط اور جمہوریت مزید مستحکم ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔