امریکی صدرکی فیڈل کاستروکی آخری رسومات میں شرکت سے معذرت

 منگل 29 نومبر 2016
فیڈل کاسترو کی آخری رسومات 4 دسمبر کو سینتاگو میں ادا کی جائیں گی۔ فوٹو:فائل

فیڈل کاسترو کی آخری رسومات 4 دسمبر کو سینتاگو میں ادا کی جائیں گی۔ فوٹو:فائل

واشنگٹن: امریکی صدر باراک اوباما نے کیوبا کے آنجہانی سابق صدر فیڈل کاسترو کی آخری رسومات میں شرکت سے معذرت کرلی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ایرنسٹ کا کہنا ہے کہ صدر باراک اوباما فیڈل کاسترو کی آخری رسومات کی تقریب میں شرکت کے لئے کیوبا نہیں جائیں گے اور جب صحافیوں نے ان سے سوال کیا کہ صدراوباما کی عدم موجودگی پر فیڈل کاسترو کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے امریکا کی جانب سے کون نمائندگی کرے گا تو وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔ فیڈل کاسترو کی آخری رسومات 4 دسمبر کو سینتاگو میں ادا کی جائیں گی جس کے بعد انہیں مکمل اعزاز کے ساتھ سانتا لفی جینیا کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

دوسری جانب کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو  بھی کاسترو کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کریں گے اور ان کی جگہ گورنر جنرل ڈیوڈ جانسن تقریب کا حصہ بنیں گے جب کہ چین اور ایران تقریب میں شرکت کے لئے اپنے نائب صدور بھیجیں گے۔ جرمنی کے سابق چانسلر، فرانس کے سفیر اور اسپین کے سابق بادشاہ جان کارلوس فیڈل کاسترو کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ باراک اوباما واحد امریکی صدر ہیں جنہوں نے 1928 کے بعد پہلی مرتبہ رواں سال مارچ میں کیوبا کا دورہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔