بی پی ایل، بنگلہ دیش نے تازہ ترین فکسنگ الزام کی تحقیقات شروع کردیں

اے ایف پی  بدھ 30 نومبر 2016
رنگپور رائیڈرزنے اس معاملے پراپنی رپورٹ بی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ میں جمع کرا دی ہے۔ فوٹو: فائل

رنگپور رائیڈرزنے اس معاملے پراپنی رپورٹ بی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ میں جمع کرا دی ہے۔ فوٹو: فائل

ڈھاکا: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بی پی ایل میں سامنے آنے والے تازہ ترین فکسنگ الزام کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ گذشتہ روز رنگپور رائیڈرز کے جوپیٹر گھوش نے الزام عائد کیا تھا کہ ٹیم منیجر سانور نے انھیں ایونٹ شروع ہونے سے قبل ہی میچ فکسنگ کے لیے راضی کرنا چاہا تھا چونکہ وہ نہیں مانے اس لیے انھیں ٹیم سے فارغ کردیا گیا۔

بی سی بی نے جوپیٹر اور سانور دونوں کو ہی ٹورنامنٹ سے معطل کردیا ہے، بورڈ کی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین جلال یونس نے کہاکہ ہم نے رنگپور رائیڈرز کے ایک پلیئر کی جانب سے اپنی ہی ٹیم کے ایک آفیشل کے خلاف دائر شکایت پرتحقیقات شروع کردی ہیں، جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں جوپیٹر اور سانور معطل رہیں گے۔

دوسری جانب رنگپور رائیڈرزنے اس معاملے پراپنی رپورٹ بی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ میں جمع کرا دی ہے، جس میںکہا گیا ہے کہ جوپیٹر کو ڈسپلنری خلاف ورزیوں پر ٹیم سے باہر کیا گیا۔ یاد رہے کہ ماضی میں بھی بی پی ایل میں میچ فکسنگ ہوچکی جس پر سابق بنگلہ دیشی کپتان محمد اشرفل سمیت کئی کرکٹرز کوسزائیں ہوئی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔