نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کے بعد قومی کرکٹرز کی رینکنگ میں تنزلی

ویب ڈیسک  بدھ 30 نومبر 2016
آسٹریلین ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ بدستور پہلے نمبر پر ہیں فوٹو: فائل

آسٹریلین ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ بدستور پہلے نمبر پر ہیں فوٹو: فائل

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے جس میں قومی کرکٹر کی نیوزی لینڈ سے سیریز میں شکست کے بعد رینکنگ میں تنزلی آئی ہے۔

آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں بلے بازوں کی فہرست میں آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ بدستور اپنی پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں جب کہ انگلش بلے باز جوئے روٹ دوسرے نمبر پر موجود ہیں، بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان وہرات کوہلی اپنے کیریئر کی بہترین رینکنگ پر قبضہ جماتے ہوئے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں ۔ان کے علاوہ کیوی کپتان کین ولیمسن چوتھے،جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ پانچویں اور اے بی ڈیویلیئرزچھٹی پوزیشن پر موجود ہیں جب کہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کاساتواں ،بھارتی بلے باز پجار ا کا آٹھواں اور انگلینڈ کے بیرسٹو کا نواں نمبر ہے ۔

پاکستا نی بلے باز یونس خان کیویز کے خلاف ناقص کارکردگی کی وجہ سے چھٹی سے 10 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔نیوزی لینڈ میں ناقص کارکدگی کے باعث اسد شفیق 4 درجے تنزلی کے بعد 24 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں  جب کہ پاکستانی کپتان مصباح الحق 14 ویں اور اظہر علی 17 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

بولنگ کے شعبے میں  پاکستان کی جانب سے صرف یاسر شاہ ٹاپ 10 رینکنگ میں موجود ہیں جن کا نمبر ساتواں ہے جب کہ پاکستان کا کوئی بھی فاسٹ بالر بہترین 20 بالرز کی رینکنگ میں بھی جگہ نہیں بنا سکا ہے۔ دوسری جانب بھارت کے روی چندرن ایشون بدستور پہلی پوزیشن پر فائز ہیں جب کہ سری لنکن اسپنر رنگانا ہیراتھ دوسرے،جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹین تیسرے اور انگلش بالر جیمز اینڈرسن چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان نیوزی لینڈ سے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شکست کے بعد دوسری سے چوتھی پوزیشن پر آگیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔