نواز شریف قوم، پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ میں جھوٹ بولتے رہے، عمران خان

ویب ڈیسک  بدھ 30 نومبر 2016
شریف خاندان گزشتہ 7 ماہ سے پاناما پیپرز سے متعلق کہانیاں بدل رہا ہے، چیرمین تحریک انصاف، فوٹو؛ ایکسپریس/ مدثر راجہ

شریف خاندان گزشتہ 7 ماہ سے پاناما پیپرز سے متعلق کہانیاں بدل رہا ہے، چیرمین تحریک انصاف، فوٹو؛ ایکسپریس/ مدثر راجہ

بنی گالہ: چیر مین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف قوم، پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ میں جھوٹ بولتے رہے اور آج یہ بات ثابت ہوگی ہے جب کہ اس جھوٹ کے پیچھے اربوں روپے کی جائیدادیں باہر چھپائی گئیں۔

بنی گالہ میں پریس کانفرنس میں چیر مین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان گزشتہ 7 ماہ سے پاناما پیپرز سے متعلق کہانیاں بدل رہا ہے اور بیرون ملک جائیداد کا انکشاف ہونے پر کہانی بدلی جارہی ہے، شریف فیملی کے بیانات میں تضاد سامنے آیا ہے، سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت جاری ہے لیکن کیس آج ختم ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے قوم، پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ میں بھی جھوٹ بولا اور آج یہ بات ثابت ہوگی ہے جب کہ اس جھوٹ کے پیچھے اربوں روپے کی جائیدادیں باہر چھپائی گئیں۔

عمران خان نے کہا کہ میاں شریف کی دبئی میں اسٹیل مل لگانے کی اصل کہانی تھی اور قطری حاطم طائی سے پیسے لینے کی کہانی دوسری ہے جب کہ عدالت میں ان کےجمع کرائےگئے دستاویزات کے مطابق دبئی کی اسٹیل مل نقصان میں تھی، شریف فیملی کو2.6ملین درہم کانقصان ہوا لہذا اسٹیل مل میں خسارہ ہوا تو پیسہ کہاں سے آیا، اسمبلی میں نوازشریف نے کہا تھا ان کے پاس تمام دستاویزات ہیں جب کہ ان کے ذہن میں بھی نہیں تھا کہ کیس یہاں تک آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ججوں نے کہا کہ ان کے پاس کوئی دستاویز نہیں ہے اور عدالت نے آج نوازشریف کے بچوں کی عمروں پربھی سوال اٹھائے جب کہ قطری شہزادے کی خط کی دھجیاں اڑادی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔