نئی نسل کو تعلیم یافتہ بنا کر دنیا میں باوقارمقام حاصل کرسکتے ہیں، شہباز شریف

ویب ڈیسک  بدھ 30 نومبر 2016
وقت آگیا ہے کہ ذاتی عناد، مفاد، جگھڑوں، دھرنوں، لاک ڈاؤن اور قوم کو تقسیم کرنے سے باز آجائیں، وزیراعلیٰ پنجاب. فوٹو: فائل

وقت آگیا ہے کہ ذاتی عناد، مفاد، جگھڑوں، دھرنوں، لاک ڈاؤن اور قوم کو تقسیم کرنے سے باز آجائیں، وزیراعلیٰ پنجاب. فوٹو: فائل

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نئی نسل کو جدید تعلیم کے زیور سے آراستہ کر کے پاکستان خودانحصاری کی منزل اور ترقی یافتہ قوموں کی صف میں شامل ہو کر باوقار مقام حاصل کرسکتا ہے۔

میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں پوزیشن ہولڈرز میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وسائل نہ ہونے کا بہانہ بنا کر قوم کے ہونہار اور ذہین بچوں کو محلے کی گلیوں کی دھول میں گم ہونے دینے سے بڑا کوئی قومی جرم نہیں ہوسکتا، 2008 میں 2 ارب روپے سے قائم کیا گیا پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ جنوبی ایشیا کا بڑا تعلیمی فنڈ بن چکا ہے اگر 70 سال قبل ایسا تعلیمی فنڈ قائم ہوجاتا تو تعلیم سے محروم رہ جانے والے قوم کے بچے انجینئرز، سائنسدان، ڈاکٹرز، پروفیسرز اور بینکرز بن کر قوم کی خدمت کررہے ہوتے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ ہوش کے ناخن لیں، ذاتی عناد، مفاد، جگھڑوں، دھرنوں، لاک ڈاؤن اور قوم کو تقسیم کرنے سے باز آجائیں، بدقسمتی سے پاکستان میں کہیں فرقہ بندی ہے اور کہیں دھڑے بندی، ہر ایک نے اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنا رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبکدوش ہونے والے آرمی چیف راحیل شریف کی قیادت میں پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں جب کہ وزیراعمظم کی قیادت میں حکومتی کاوشوں سے اسکولوں، اسپتالوں اور دیگر اداروں میں اندھیرے چھٹ رہے ہیں اور 2017 میں پاکستان سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔