گوگل نے کئی دہائیوں میں ہونے والی زمینی اور موسمیاتی تبدیلیوں کی ویڈیو جاری کردی

ویب ڈیسک  جمعرات 1 دسمبر 2016
ٹائم لیپس ویڈیوز میں برفیلے علاقوں سمیت دنیا کے اہم شہروں میں حیرت انگیز تبدیلیاں دیکھی جاسکتی ہیں۔ 
فوٹو: بشکریہ گوگل

ٹائم لیپس ویڈیوز میں برفیلے علاقوں سمیت دنیا کے اہم شہروں میں حیرت انگیز تبدیلیاں دیکھی جاسکتی ہیں۔ فوٹو: بشکریہ گوگل

واشنگٹن: گوگل نے دنیا کے اہم ترین مقامات اور شہروں میں ہونے والی تبدیلیوں پر ٹائم لیپس ویڈیو کی صورت میں پیٹا بائٹس کا ایک نیا ڈیٹا ریلیز کیا ہے جنہیں دیکھ کر زمین کی تیزی سے تبدیلی اور اس کے منفی اثرات کی تصدیق ہوجاتی ہے۔

یہ نئی تصاویر زیادہ تفصیلی اور واضح ہیں جو ناسا، یوایس جیالوجیکل سروے اور ٹائم میگزین کے تعاون سے بنائی گئی ہیں۔ یہ پروجیکٹ 2013 میں شروع کیا گیا تھا جس میں وقت کے ساتھ ساتھ ایک مقام کی لاکھوں کروڑوں تصاویر کو جوڑ کر ویڈیو بنائی گئی ہیں جو اب یوٹیوب پر موجود ہیں۔

گزشتہ 25 سال سے سیٹلائیٹ کی تصاویر کو اس طرح رکھا گیا ہے کہ کوئی بھی بادل نہیں ہے اور ہر نقشے کو زوم کرکےدیکھا جاسکتا ہے۔

دبئی اور برازیل جیسے اہم ممالک اور شہروں کے علاوہ آپ انٹارکٹیکا میں شائریس گلیشیئر، چلی میں کان کنی کے مقامات اور چین میں بڑھتے ہوئے سمندر کو سال بہ سال دیکھا جاسکتا ہے۔ گوگل نے لینڈ سیٹ اور دوسرے جدید ترین سیٹلائٹس کی 5 کروڑ تصاویر جمع کرکے دنیا کے 33 مقامات کا وقتی نقشہ پیش کیا جو ظاہر کرتا ہے کہ دنیا میں کیسی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں جب کہ گلیشیئر پگھلنے کا عمل واضح دیکھا جاسکتا ہے اور بڑھتی ہوئی آبادی اور پھیلتے شہروں کے ہولناک اثرات کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔