پاکستان نے بھارت سے ہار کا غصہ بنگلہ دیش پر نکال دیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 1 دسمبر 2016
پاکستان نے ایشیا ویمنز کپ کے آغاز میں نیپال اور سری لنکا جیسی ٹیموں پر ہاتھ صاف کیے۔ فوٹو؛ فائل

پاکستان نے ایشیا ویمنز کپ کے آغاز میں نیپال اور سری لنکا جیسی ٹیموں پر ہاتھ صاف کیے۔ فوٹو؛ فائل

بنکاک:  ایشیا کپ ویمنز ٹوئنٹی 20 میں پاکستان نے بھارت سے شکست کا غصہ بنگلہ دیشی ٹیم پر نکال دیا، یکطرفہ مقابلے میں 9 وکٹ سے فتح سمیٹ لی، 45 رنزکا معمولی ہدف دسویںاوور میں ہی عبور کرلیا، اس سے پہلے ثنا میر اورایمن انور نے حریف کو44 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا، صرف 2 کھلاڑی دہرے ہندسے میں پہنچ پائیں۔ دوسرے میچ میں سری لنکا نے تھائی لینڈکو75 رنز سے مات دیدی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ایشیا ویمنز کپ کے آغاز میں نیپال اور سری لنکا جیسی ٹیموں پر ہاتھ صاف کیے تاہم بھارتی ٹیم کے ہاتھوں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، اس کا تمام تر غصہ گرین شرٹس نے بنگلہ دیش پر نکال ڈالا، 45 رنز کے معمولی ہدف کے تعاقب میں ٹیم کو واحد نقصان اوپنر عائشہ ظفر کی صورت میں برداشت کرنا پڑا جو تیسرے ہی اوور میں صرف2رنز بناکر خدیجہ الکبریٰ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں، جویریہ خان اور ارم جاوید نے بالترتیب 26 اور 17 رنز کی اننگز سے ٹیم کو 9.5 اوورز میں ہدف عبور کرا دیا۔

اس سے قبل ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرنے والی بنگلہ دیشی ویمنز کی واپسی کا عمل تیسرے ہی اوور سے شروع ہوگیا، نگار سلطانہ(2)ایمن انور کی گیند پر بولڈ ہوئیں، اگلی بال پر انھوں نے شائلہ شرمین کو بھی کھاتہ کھولنے کی اجازت دیے بغیرایل بی ڈبلیو کردیا۔ اگلے اوور میں مجموعی اسکور جب چار تھا تو تیسری وکٹ گرگئی۔

دوسری اوپنر سنجیدہ اسلام (1) عالیہ ریاض کی گیند پر ارم جاوید کا کیچ بنیں، فرغانہ حق (2) کو انعم امین نے قابو کیا، اب ثنا میر نے رومانہ انور(11)، فہیمہ خاتون (0) اورسلمہٰ خاتون (1) کو واپسی کا پروانہ تھما کر حریف ٹیم کی کمر توڑ دی، باقی کھلاڑیوں میں سے صرف جہاں آرا عالم 12 رنز پر ناٹ آؤٹ بناکر دہرے ہندسے میں پہنچ پائیں، پوری ٹیم 15.3 اوورز میں 44 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ثنا میر نے 3 اور ایمن انور نے 2 وکٹیں لیں۔

اب اگر پاکستانی ٹیم اپنے 3 دسمبر کو شیڈول اگلے میچ میں تھائی لینڈ کو زیر کر لے اور اب تک ناقابل شکست بھارتی سائیڈ اگلے دونوں میچز بھی جیت لے تو پھر دونوں روایتی حریفوں کا فائنل میں ٹکراؤ ہوگا۔ بدھ کو دوسرے میچ میں فاتح سری لنکا نے 6 وکٹ پر 120 رنز بنائے، جواب میں تھائی لینڈ کی ٹیم 9 وکٹ پر45 رنز تک محدود رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔