پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس؛ چیف الیکشن کمشنر کا تحریک انصاف کے وکیل پر اظہار برہمی

ویب ڈیسک  جمعرات 1 دسمبر 2016
آپ كی وجہ سے اس كیس میں تاخیر ہورہی ہے پچھلے ڈیڑھ سال میں ہم آپ كی ہی سن رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر، فوٹو؛ فائل

آپ كی وجہ سے اس كیس میں تاخیر ہورہی ہے پچھلے ڈیڑھ سال میں ہم آپ كی ہی سن رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر، فوٹو؛ فائل

اسلام آباد : چیف الیكشن كمشنر نے تحریك انصاف پارٹی فنڈنگ كیس میں برہمی كا اظہار كرتے ہوئے آئندہ سماعت سے قبل جواب جمع كرانے كی ہدایت كرتے ہوئے سماعت آئندہ ماہ 16جنوری تك ملتوی كردی۔

الیكشن كمیشن میں 5 ركنی بینچ نے چیف الیكشن كمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا كی سربراہی میں کیس کی سماعت کی، كیس میں تحریك انصاف كے كیس میں تحریك انصاف كا وكیل پیش ہوا تو چیف الیكشن كمشنر نے كہاكہ یہ كیس بھی تو آپ كی پارٹی كا ہے كیا آپ اس میں نمائندہ نہیں كر رہے توتحریك انصاف كے وكیل نے كہاكہ مجھے علم نہیں ہے۔ انہوں نے كہاكہ پارٹی فنڈنگ كیس میں ہائی كورٹ نے موسم سرما كی چھٹیاں ختم ہونے كے بعد تاریخ ركھنے كا عندیہ دیا ہے۔

چیف الیكشن كمشنر نے كہا كہ تاخیر آپ كے خلاف ہے یہ تاخیر آپ كو نقصان دہ ہے، مجھے تاخیر سے آپ كا كوئی فائدہ نظر نہیں آتا۔ اكبر ایس بابر كے وكیل نے كہا كہ انہوں نے ایك درخواست دی ہے كہ تحریك انصاف لندن میں غیر ملكی فنڈز اكٹھے كر رہی ہے ان پر فنڈز اكٹھے كرنے سے روكنے كے لیے ہم نے ایك اور درخواست جمع كرائی ہے۔ چیف الیكشن كمشنر نے كہا كہ آپ نے اشتہار جمع كرایا ہے، اس سے یہ نہیں پتہ چل سكتا كہ كتنے پیسے اكٹھے ہوئے ہیں، كیا آپ كے پاس فنڈز اكھٹے كرنے كے ثبوت ہیں۔ اكبر ایس بابر كے وكیل نے كہا كہ آپ ان سے اكاؤنٹس كی تفصیلات مانگی جائے۔

تحریك انصاف كے وكیل نے كہا كہ معاملہ عدالت میں ہے، ہم نے الیكشن كمیشن كا دائرہ اختیار چیلنج كر ركھا ہے۔ چیف الیكشن كمشنر نے كہا كہ ہم آج سے اثاثوں كی چھان بین كررہے ہیں كیا وہ بھی نہ كریں، آپ ہائی كورٹ سے حكم امتناع لے آئیں، ہم نے كسی عدالت كو نہیں كہا كہ ہائی كورٹ میں جب مقدمہ چل رہا ہوگا تو ہم سماعت نہیں كریں گے، آپ كی وجہ سے اس كیس میں تاخیر ہورہی ہے، پچھلے ڈیڑھ سال میں ہم آپ كی ہی سن رہے ہیں، الیكشن كمیشن نے كیس كی سماعت 19جنوری تك ملتوی كردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔