تمام ادارے شریف خاندان کے غلام بن گئے ہیں، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعـء 2 دسمبر 2016
کرپشن معاشرے کا کینسر ہے جو ملک کوتباہ کررہی ہے، عمران خان۔ فوٹو : فائل

کرپشن معاشرے کا کینسر ہے جو ملک کوتباہ کررہی ہے، عمران خان۔ فوٹو : فائل

سوات: چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ تمام ریاستی ادارے شریف خاندان کے غلام بن گئے ہیں جب کہ نواز شریف پر 13 مقدمات کے باوجود چئیرمین نیب انہیں نہیں پکڑتا جس پر انہیں شرم آنی چاہیے۔

سوات میں 84 میگاواٹ بجلی منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھاکہ خوشی ہے کہ  84 میگا واٹ کا پروگرام شروع کر رہے ہیں، اتنا بڑا پروجیکٹ کسی صوبائی حکومت نے شروع نہیں کیا جب کہ 72 سرمایہ کاروں نے خیبر پختونخوا میں 6 پاور پروجیکٹ کے لیے بڈنگ کی ہے، 150 پن بجلی گھر بنالیے ہیں اگلے سال تک مزید بنائیں گے اور 10 لاکھ لوگوں کو بجلی فراہم کریں گے، خیبرپختونخوا میں شروع ہونے والے منصوبوں سے صوبے میں انقلاب آئے گا اور صوبے کے اسپتال پورے ملک کے لیے مثال بنیں گے، خیبر پختونخوا میں 34 ہزار بچے نجی سے سرکاری اسکولوں میں گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف احتجاج ہمارا حق تھا اور جب بھی اقتدار میں آئے 90 روز میں بڑی کرپشن ختم کردیں گے کیونکہ کرپشن معاشرے کا کینسر ہے جو ملک کوتباہ کررہی ہے، کرپشن کے باعث کوئی سرمایہ کار پاکستان نہیں آتا جب کہ حکومت ایماندار ہو تو سرمایہ کاری آئے گی لیکن  (ن) لیگ صرف اشتہاروں میں ترقی کررہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پانامہ میں اربوں روپے کے اثاثے ہیں لیکن ان کو کوئی نہیں پکڑتا لیکن اگر غریب چھوٹی سی چوری کرے تو اس کو جیل میں ڈال دیا جاتا ہے، یہ ظلم کا نظام ہے اس سے قومیں تباہ ہوئیں لہذا ہم نے قانون بنانا ہے تاکہ بڑے بڑے ڈاکوؤں کو پکڑ کر جیل میں ڈالیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چئیرمین نیب چھوٹے چھوٹے پٹواریوں کو پکڑتا ہے لیکن نواز شریف پر 13 مقدمات کے باوجود نہیں پکڑتا، انہیں شرم آنی چاہیے اور چئیر مین نیب کو ہی سب سے پہلے جیل میں ڈالنا چاہیے، چئیرمین ایف بی آر بھی کرپٹ آدمی ہے ہر مہینے 25 کروڑ دبئی بھجواتا ہے، تمام ریاستی ادارے شریف خاندان کے غلام بن گئے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پنجاب پولیس میں سفارش پر بھرتیاں ہوتی ہیں اور آئی جی پنجاب شہباز شریف کے پاؤں میں بیٹھا ہوتا ہے، پنجاب پولیس کو شریف خاندان کی نوکر بنادیا گیا ہے وہاں جھوٹے مقدمات بنائے جاتے ہیں، مجھ پر بھی 3،4 مقدمات بنادیے گئے ہیں تو عام آدمی کا کیا حال ہوگا لہذا غیر قانونی کام کروائیں گے تو پولیس کیسے چلے گی تاہم خیبرپختونخوا پولیس کی ہر جگہ تعریف ہوتی ہے جس پر فخرہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔