کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم ثقافت منایا گیا، تقریبات کا انعقاد

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 22 دسمبر 2012
کراچی پریس کلب کے سامنے نوجوان روایتی اجرک و ٹوپی پہنے محو رقص ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی پریس کلب کے سامنے نوجوان روایتی اجرک و ٹوپی پہنے محو رقص ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی سمیت سندھ بھر میں جمعہ کو یوم سندھی ثقافت(اجرک ٹوپی ڈے) منایا گیا۔

اس حوالے سے کراچی سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیااور شہریوں نے ریلیاں نکالیں ،صوبے کے تعلیمی اداروں میں بھی ثقافتی ڈے کے حوالے سے خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں جس میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی اور سندھ کی ثقافت کو ٹیبلوز کے ذریعے اجاگر کیا اوران تقریبات میں قومی نغمے اور سندھی ثقافت کے حوالے سے گیت گائے گئے ،یوم سندھی ثقافت کی مرکزی تقریب وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،صوبائی وزرا پیر مظہرالحق ،آغا سراج درانی ،شرجیل انعام میمن سمیت ارکان اسمبلی کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی کوسندھی ٹوپی اور اجرک کے تحفے دیے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ  صوبہ سندھ دستکاریوں اور ہنرمندی کے میدان میں کئی قدیم اور تہذیب یافتہ ممالک سے کسی طرح بھی پیچھے نہیں ہے۔

03

صوبائی حکومت مختلف منصوبوں بالخصوص سندھ اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ذریعے دستکاریوں اورہنرکے فروغ کے لیے کئی منصوبوں پر عمل پیرا ہے اور آرٹیشنز (ہنرمندوں) کالونیوں میں دستکاریوں کے مراکز قائم کیے جارہے ہیں،قائم علی شاہ نے کہا کہ اس بات میں کوئی تضاد نہیں ہے اور یہاں آباد تمام قومیں سندھ کی ثقافت، تہذیب اور زبان کو اپنی ثقافت سمجھتے ہیں، پیپلز سیکریٹریٹ میں یوم سندھ ثقافت کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پیپلز کراچی ڈویژن کے صدر قادر پٹیل تھے ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم سندھ دھرتی کے سپوت ہیں اور اس دھرتی کی حفاظت کے لیے اپنی جان بھی قربان کرسکتے ہیں۔

سندھی ٹوپی اجرک ڈے کے حوالے سے کراچی میں ایک بڑی تقریب پریس کلب کے باہر منعقد ہوئی جس میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے نثار پنہور ، خواجہ اظہار الحسن ، مسلم لیگ (ن) کی جانب سے زین انصاری، علی اکبر گجر ،مسلم لیگ (فنکشنل) کے سلیم انجینئر ،زہرا شیخ ،عوامی نیشنل پارٹی کے بشیر جان ،جیے سندھ قومی محاذ کے چیئرمین صنعان قریشی ،سندھ نیشنل پارٹی کے امیر بھنبھرو ،سندھ یونائیڈ پارٹی کے ڈاکٹر دودو مہری ،عوامی تحریک کے مظہر راہو،پاکستان فشر فوک فورم کے چیئرمین محمد علی شاہ سمیت مختلف سیاسی ،سماجی اور قوم پرست جماعتوں کے رہنماؤں و کارکنان اورعوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، اس تقریب میں موجودسیکڑوں افراد نے سفید لباس زیب تن کیا ہوا تھا اور سندھی ٹوپی اور اجرک پہن رکھی تھی جس سے سندھ کی ثقافت نمایاں طور پر اجاگر ہورہی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔