نئی فلموں میں چیلنجنگ کردار نبھا رہی ہوں: پراچی ڈیسائی

شوبز ڈیسک  اتوار 23 دسمبر 2012
مشکل کردار نبھانا پسند کرتی ہوں ، پراچی ڈیسائی۔ فوٹو : فائل

مشکل کردار نبھانا پسند کرتی ہوں ، پراچی ڈیسائی۔ فوٹو : فائل

ممبئی: بالی وڈ اداکارہ پراچی ڈیسائی نے کہا ہے کہ نئی فلموں میں چیلنجنگ کردار نبھارہی ہوں ،انھوں نے کہا کہ آغاز سے اب تک فلمی کیرئیر میں مشکل کام کو ہی پسند کیا اور کرکے دکھایا ہے ،مداحوں نے قلیل عرصے میں ہی پسند کرلیا جس پر ان کی شکر گزار ہوں ۔

24سالہ بالی وڈ اداکارہ پراچی کا کہنا ہے کہ نئے سال میں کئی فلموں کے ساتھ سلور اسکرین پر نظر آئوں گی ۔ان میں تامل ری میک فلم ’’سمے ‘‘میں سنجے دت کے ساتھ لیڈنگ لیڈی رول کررہی ہوں ۔ جب کہ فلم ’’آئی می اور میں ‘‘میں اداکار جان ابراہم کے ساتھ نظر آئوں گی ۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ تینوں فلموں کی کہانی مختلف ہے اور کردار بھی بہت اہم ہیں ،انھوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ان فلموں میں اپنی عمدہ پرفارمنس سے شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہونگی۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ اپنی نئی فلموں کی تشہیری مہم بھی چلارہی ہوں اور نئے سال میں یہ نئی فلمیں شائقین کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں ہونگی۔

انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ رابطے میں رہتی ہوں ،ان کی پسند کا بھی خیال رکھتی ہوں ،مداحوں کی خوشی سب سے زیادہ عزیز ہے انھی کی بدولت ترقی کے زینے طے کررہی ہوں مداحوں کے مشوروں پر اپنی پرفارمنس کو بہتر بنانے کے لیے محنت کررہی ہوں۔ فلم میں ہر طرح کا کردار کو خوبی سے نبھانا ہی اصل فن ہے اور جو اس کو بہتر انداز میں کرتا ہے وہی سپر اسٹار ہے ۔انھوں نے کہا کہ جو کچھ حاصل کیا اس کو برقرار رکھنے کی کوشش کروں گی ۔آگے بڑھنے کے لیے شوق اور لگن سے کام کرتی رہوں گی ۔انھوں نے کہا کہ پہلی فلم ’’راک آن ‘‘میں اگرچہ میرے ساتھ فرحان اختر کی صورت ایک نیا چہرہ متعارف کرایا گیا مگر میں نے اس فلم میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا کر اپنی الگ شناخت بنائی ہے ۔کیرئیر کا آغاز چھوٹی اسکرین سے ہی کیا اور ڈرامہ سیریل کی مقبولیت نے میرے کردار کو بھی مشہور بنادیا ۔اس سیریل نے بڑی شہرت حاصل کی ۔

1

اداکارہ کی یہ تینوں نئی فلمیں 2013میں ریلیز کے لیے تیار ہیں ۔ان میں فلم ’’آئی می اور میں ‘‘،’’سمے‘‘ اور 1920 کا پارٹ تھری شامل ہے ۔بالی وڈ اداکارہ پراچی ڈیسائی فلم ’’سمے ‘‘میں 54سالہ اداکار سنجے دت کی ہیروئن بنیں گی ۔اس فلم میں سنجے دت ایک پولیس افسر کا کردار نبھارہے ہیں ۔یہ فلم سلمان کی ’’دبنگ‘‘سے یکسر مختلف ہے اور اس میں پولیس افسر کا کردار بھی منفرد ہے ،پراچی ڈیسائی کا کہنا ہے کہ انھوں نے اس فلم میں سافٹ ویئر انجینئر کا کردار نبھایا ہے جسے سنجے دت سے محبت ہوجاتی ہے اور پھر شادی کرلیتے ہیں۔

اس فلم کی ہدایات سائوتھ کے ڈائریکٹر کے ،ایس روی کمار نے دی ہیں ۔واضح رہے کہ پراچی 12ستمبر1988 کو بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں پیدا ہوئیں۔ابتدائی تعلیم سورت کے کانونٹ اسکول سے حاصل کی پھر پونے سے گریجویشن کرلی ۔پونے میں کالج کے دوران کئی ڈانس اور ایکٹنگ مقابلوں میں حصہ لے کر متعدد انعامات بھی جیتے۔ 20سال کی عمر میں ٹی وی پر کام شروع کردیا۔ اداکارہ نے ٹی وی سیریل چھوڑدی اور اس کے بعد کئی دیگر ٹی وی چینلز پر کام کیا ،تاہم طویل سیریل میں عمدہ اداکاری پر انھیں کئی ایوارڈز دیئے گئے۔ 2008 میں ہی پہلی فلم ’’راک آن‘‘میں عمدہ پرفارمنس پر بہترین اداکارہ کے طور پر فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزدگی ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔