اگست کی جوابی سیریز :پاک بھارت باضابطہ مذاکرات دہلی میں ہوں گے

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 23 دسمبر 2012
اُمید ہے کہ 5 سال بعد ہونے والی سیریز مستقبل کیلیے مزید راہیں کھولنے کا ذریعہ بنے گی، ذکا اشرف۔  فوٹو: اے ایف پی / فائل

اُمید ہے کہ 5 سال بعد ہونے والی سیریز مستقبل کیلیے مزید راہیں کھولنے کا ذریعہ بنے گی، ذکا اشرف۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

لاہور: چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف دہلی میں ون ڈے میچ کے دوران بھارتی ٹیم کے اگست میں دورئہ پاکستان کیلیے باضابطہ مذاکرات کریں گے۔آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت کے حوالے سے بھی بات چیت ہو گی

۔ تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کو دورئہ بھارت کا آخری ون ڈے میچ 6جنوری کو کھیلنا ہے،اس موقع پر ذکا اشرف بھی دہلی میں موجود ہوں گے، چیئرمین بورڈ بی سی سی آئی حکام سے بات چیت میں باضابطہ طور پر بھارتی ٹیم کو اگست میں پاکستان دورہ کرنے کی دعوت دیں گے۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انھوںنے کہا کہ بھارت کو پیغام بھیج دیاکہ دہلی ون ڈے کے دوران جوابی دورے پر بھی بات ہو گی، مثبت جواب دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات مزید بہتر بنانے کا ذریعہ بنے گا،انھوں نے کہاکہ ہم مالی طور پر مستحکم ہیں، پیسہ ہی سب کچھ نہیں ہوتا۔

3

دہلی میں مذاکرات کے دوران سیریز کی آمدنی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوگی، ہم کرکٹ کی بحالی سے وقتی فائدہ نہیں دور رس نتائج حاصل کرنا چاہتے ہیں، اُمید ہے کہ 5 سال بعد ہونے والی سیریز مستقبل کیلیے مزید راہیں کھولنے کا ذریعہ بنے گی۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق دہلی میں قیام کے دوران دونوں ممالک کے بورڈ آفیشلز کے درمیان پاکستانی کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شرکت پر بھی بات ہو گی، اس معاملے میں حکام خاصی دلچسپی لے رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔