ایشیائی بینک شعبہ بجلی کیلیے24.5 کروڑ ڈالر دیگا

خصوصی رپورٹر  منگل 25 دسمبر 2012
رقم پاور ڈسٹری بیوشن پروگرام کی تیسری قسط ہے، پاکستان سے تعاون جاری رہے گا، اے ڈی بی   فوٹو : فائل

رقم پاور ڈسٹری بیوشن پروگرام کی تیسری قسط ہے، پاکستان سے تعاون جاری رہے گا، اے ڈی بی فوٹو : فائل

اسلام آ باد:  ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) نے پاکستان میں پاور ڈسٹری بیوشن سسٹم کی بہتری کے لیے 24 کروڑ 50لاکھ ڈالر کی تیسری قسط فراہم کرنے کی منظوری دیدی جو بجلی کی 8 تقسیم کار کمپنیوں کے ڈسٹری بیوشن سسٹم کو بہتر بنانے پر خرچ ہوگی۔

گزشتہ روز جاری اعلامیے کے مطابق یہ قسط پاکستان کے ساتھ طے پانے والے 81 کروڑ ڈالر مالیت کے پاور ڈسٹری بیوشن اینڈ انہانسمنٹ پروگرام کا حصہ ہیں جس کا بنیادی مقصد پاکستان کے پاور سیکٹر کے ترجیحی ایریاز میں انویسٹمنٹ کے ذریعے ڈسٹری بیوشن سسٹم کو بہتر بنا کر لائن لاسز کو کم کرنا ہے۔

6

اعلامیے میں کہا گیا کہ بینک 66 کلو واٹ اور 132 کلو واٹ کے 250 گرڈ اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کیلیے پہلے ہی فنانسنگ فراہم کر رہا ہے جن میں سے 125 گرڈ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن مکمل ہوچکی ہے،ساڑھے 24 کروڑ ڈالر کی تیسری قسط سے 106 گرڈ اسٹیشن کی ڈسٹری بیوشن صلاحیت کو بڑھایا جائے گا اور 14 نئے گرڈ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بجلی کی پیداوار میں کمی اور ڈسٹری بیوشن و ٹرانسمشن کی سطح پر خامیوں کے باعث ملک کا پاور سیکٹر متاثر ہورہا ہے جس سے بجلی کا بحران ہے، ایشیائی بینک ان مسائل کے خاتمے کیلیے 2 ارب 90 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ فسیلیٹی متعارف کرائی ہے، بینک انرجی سیکٹر کی بحالی اور ترقی کیلیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔