کوئٹہ اور آواران میں فورسز پر فائرنگ، 4اہلکار جاں بحق

نمائندگان ایکسپریس  منگل 25 دسمبر 2012
 کوئٹہ میں فائرنگ سے2سیکیورٹی فورسز اہلکاروں اور 2 بی سی اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ فوٹو: فائل

کوئٹہ میں فائرنگ سے2سیکیورٹی فورسز اہلکاروں اور 2 بی سی اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ فوٹو: فائل

کوئٹہ:  کوئٹہ اوراندرون صوبہ ٹارگٹ کلنگ فائرنگ ریموٹ کنٹرول بم اور بارودی سرنگ دھماکوں کے واقعات میں دوسیکیورٹی فورسز اہلکاروں اور دو بی سی اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔

جن میں اے این پی کے ضلعی رہنما بھی شامل ہیں، پیر کوکوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پولیس ناکے پر کھڑے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس سے بلوچستان کانسٹیبلری کے دواہلکار محمدایوب اورجلیل احمد جاں بحق جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس اہلکار یار محمد شدید زخمی ہوگیا، آواران کے علاقے مشکے میں نامعلوم افراد نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فائرنگ کردی جس سے دواہلکار شفیع محمد اور شہزاد جاں بحق ہوگئے فورسز کی جوابی فائرنگ کے بعد حملہ آور فرارہوگئے، کوئٹہ کے علاقے سبی روڈ پر ایک اسٹیل مل کے قریب موٹرسائیکل سواروں نے ایک کنٹینر پر فائرنگ کردی۔

جس سے ڈرائیور محمد قاسم جاں بحق ہوگیا ،کوئٹہ کے علاقے سریاب کلی بڑو میں ایک شخص شادی خان نے سیاہ کاری کے مبینہ الزام میں فائرنگ کرکے اپنی بہن مسماۃ یاسمین اور ایک شخص عبدالغنی کو قتل کردیا بعدازاں ملزم کو گرفتارکرلیا، کوئٹہ کے ایک تعلیمی ادارے میں دوگروپوں کے درمیان معمولی تکرار پر تصادم میں تین طلباء حامد، مشتاق اور شہزاد زخمی ہوگئے ،حب سے نمائندے کے مطابق ساکران روڈ پر محمودی موڑ کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں دو سیکیورٹی فورسز اہلکار زخمی ہوگئے۔

کوہلو میں بارودی سرنگ دھماکے میں حضوربخش اورعلی شیر زخمی ہوگئے جو پیدل جارہے تھے کہ بارودی سرنگ پر ان کے پائوں آگئے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا، این این آئی کے مطابق ڈیرہ اﷲ یار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے این پی کے ضلعی رہنما سخی در محمد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیا پولیس مزید کارروائی کررہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔