اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو ججوں کی تقرری سے متعلق سمری وزیراعظم کو ارسال

ویب ڈیسک  منگل 25 دسمبر 2012
نوٹی فکیشن کا اجرا نہ ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے دونوں ججز نے کام چھوڑ دیا تھا۔ فوٹو: فائل

نوٹی فکیشن کا اجرا نہ ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے دونوں ججز نے کام چھوڑ دیا تھا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزارت قانون نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو ججوں کی تقرری سے متعلق سمری وزیراعظم کو بھجوا دی۔

سپریم کورٹ کے حکم پر وزیراعظم کو ارسال کی جانے والی سمری میں کہا گیا ہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو مستقل جبکہ جسٹس نورالحق قریشی کی مدت ملازمت میں 6ماہ توسیع کی جائے ۔ وزیراعظم اپنی سفارش کے ساتھ سمری منظوری کے لئے صدر کو بھجوائیں گے۔

واضح رہے کہ صدر کی جانب سے نوٹی فکیشن کا اجرا نہ ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے دونوں ججز نے کام چھوڑ دیا تھا۔ جس کے بعد سپریم کورٹ نے اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تقرری کے حوالے سے مقدمہ کی سماعت کے دوران قرار دیا تھا کہ ججوں کی تقرری کے معاملے میں جوڈیشل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی کی رائے حتمی ہے، صدر صوابدیدی اختیارات استعمال نہیں کرسکتے۔ آئینی ادارے کی حتمی رائے کو واپس بھجوانا صدر کے اختیار میں نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔