مدھو ریما نئی بالی وڈ فلم میں جلوہ گر ہونے کیلئے تیار

شوبز ڈیسک  بدھ 26 دسمبر 2012
مادھوری ڈکشٹ کی سب سے بڑی مداح ہوں، اچھے میوزک کی وجہ سے نئی فلم سائن کرلی، بالی ووڈ اداکارہ، گلوکارہ اور ماڈل۔ فوٹو : فائل

مادھوری ڈکشٹ کی سب سے بڑی مداح ہوں، اچھے میوزک کی وجہ سے نئی فلم سائن کرلی، بالی ووڈ اداکارہ، گلوکارہ اور ماڈل۔ فوٹو : فائل

ممبئی:  سائوتھ میں اپنی پرفارمس کی دھاک بٹھانے والی اداکارہ اب بالی ووڈ کی نئی فلم ’’اب تک ‘‘میں جلوہ گر ہونگی۔

اداکارہ مدھوریما کا کہنا ہے کہ نئی فلم میں اہم کردار نبھارہی ہوں، اس فلم کی کہانی اور گیت مجھے بے حد پسند آئے اور میں نے فوری طور پر کام کرنے کی حامی بھرلی۔ اداکارہ نے بتایا کہ فلم کے پروڈیوسر کی جانب سے اس میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی اس میں میرا کردار انتہائی دلچسپ ہے اور شائقین کو ضرور پسندا ٓئے گا۔ اداکارہ مدھو ریما کا کہنا ہے کہ فلم میں جیسکا کا کردار نبھارہی ہوں، جیسکا گووا کی ایک حسین، فیشن ایبل اور آزاد خیال لڑکی ہے ۔یہ فلم 2013ء کے آغاز میں سینماگھروں کی زینت بنائی جائے گی۔ اداکارہ نے بتایا ہے کہ فلم کی کہانی مجھے بہت اچھی لگی ہے اور میوزک تو بہت عمدہ ہے۔

یہ دونوں چیزیں ہی کسی فلم کی کامیابی کی ضمانت بنتی ہیں ۔اس کے علاوہ بہت کچھ ہے مگر یہ سب فلم کی ریلیز پر ہی بتایا جاسکے گا۔انھوں نے کہا کہ شائقین کو نئے سال میں اچھی فلم ملے گی جس کا ابھی سے انتظار کیا جارہا ہے۔انھوں نے کہا کہ فلم کے جاندار اور اثرانگیز میوزک کی وجہ سے ہی اس میں کام کرنے کا فیصلہ کیا۔مدھو ریما کے مطابق ان کی آنیوالی فلموں میں ہندی فلم ’’اب تک ‘‘کے ساتھ دو تامل اور ایک تلگو فلم بھی 2013ء میں ریلیزکی جائے گی۔ان فلموں میں لیڈنگ لیڈی رول نبھارہی ہوں۔

مدھو کا کہنا ہے کہ مجھے مسکراتے ہوئے لوگ اچھے لگتے ہیں خود بھی زندہ دل ہوں اور دوسروں کو بھی ہر حال میں خوش دیکھنے کی خواہاں ہوں ۔اداکارہ نے کہا کہ مادھوری ڈکشٹ میری آئیڈیل اداکارہ ہیں مجھے مادھوری بہت پسند ہیں،ان کی ہر فلم دیکھی ہے۔مادھوری کی سب سے بڑی مداح ہوں ۔میں نے ان کی فلمیں دیکھ کر ان سے بہت کچھ سیکھا ہے ۔انھوں نے کہا کہ بچپن سے ہی مادھوری کو اپنی آئیڈیل اداکارہ مان چکی ہوں ۔واضح رہے کہ بالی وڈ اداکارہ مدھو ریما نے بچوں کے لیے گیت بھی گائے ہیں ۔اداکارہ نے ماڈلنگ بھی کی اور کئی بین الاقوامی تشہیری فلموں میں کام کیا۔ انھوں نے کلاسیکل موسیقی کی تعلیم گھر میں سے حاصل کی۔ والدہ اچھی گلوکارہ تھیں جن سے غزل گانے میں مہارت حاصل کی۔

1

مدھو نے رقص کتھک کی بھی باقاعدہ تربیت حاصل کی تاہم ان سب کے باوجود اکیڈمک تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔مدھو کے والد انڈین آرمی میں میکنیکل انجنیئررہے۔ والدہ کو اگرچہ گانے کا شوق رہا مگر انھوں نے کیرئیر ایک رائٹر کے طور پر شروع کیا یوں ممبئی کے ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ گھرانے میں مدھو کی اچھی تربیت ہوئی۔مدھو نے ابتدائی تعلیم ممبئی میں حاصل کی پھر ایل ایل بی کی ڈگری لے کر شوبز کے میدان میں قدم رکھ دیا۔مدھو نے کئی ٹی وی سیریلیز میں پرفارم کیا اور شائقین کو اپنی ادائوں سے محظوظ کیا مگر ان کی پہلی ہندی فلم ’’ٹاس‘‘ 2009ء میں ریلیز ہوئی۔

اس فلم کے بعد مدھو نے 2009ء اور 2010ء کے دوران 5تلگو فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے 2012ء میںہندی فلم ’’کال دھمال مالا مال ‘‘میں ماریہ کا کردار نبھایا ۔پھر ملیالم فلم ’’کافی‘‘ میں اہم کردار میں جلوہ گرہوئیں ۔اور 2013ء کے لیے بھی ان کی تلگو فلم ’’شیڈو‘‘ریلیز کے لیے تیار ہے ۔بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ اداکارہ مدھو کی پرفارمنس اچھی رہی ہے تاہم انھیں اب جاکر اہم کردار میں کاسٹ کیا گیا ہے امید ہے وہ اس فلم میں اپنی یاد گار پرفارمنس سے اپنے پرستاروں کے دل جیت لے گی اور ان کی 2013ء میں ریلیز ہونے والی یہ ہندی فلم باکس آفس پر بھی کامیاب رہے گی اور بالی وڈ میں ان کی دھوم مچائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔