پاک بھارت مقابلے، پلیئرز پر ’ڈبل نگاہ‘ رکھنے کیلیے دو آفیشلز کا تقرر

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 26 دسمبر 2012
صرف پاکستانی نہیں بلکہ بھارتی کھلاڑیوں پر بھی نظر رکھی جائیگی، ذرائع فوٹو : ڈیزائن اویس خان

صرف پاکستانی نہیں بلکہ بھارتی کھلاڑیوں پر بھی نظر رکھی جائیگی، ذرائع فوٹو : ڈیزائن اویس خان

بنگلور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹ نے پاک بھارت سیریز کو انتہائی ’حساس‘ قرار دے دیا۔

کھلاڑیوں پر ’ڈبل نگاہ‘ رکھنے کیلیے دو آفیشلز کا تقرر کیا گیا، بھارتی وزارت داخلہ کا ایک سیکیورٹی آفیسر بھی ٹیم کے ساتھ موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورئہ بھارت صرف میزبان بورڈ کیلیے ہی مالی طورپر فائدہ مند نہیں بلکہ بکیز نے بھی اپنے دیس میں روایتی حریفوں کے درمیان مقابلوں سے مال بنانے کی منصوبہ بندی کی ہوئی ہے، اسی لیے آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اس سیریز کو انتہائی حساس قرار دے دیا جبکہ پی سی بی کے سیکیورٹی آفیسر اور مقامی آفیشلز بھی انتہائی چوکنے ہیں۔

ایک بھارتی اخبار کے مطابق اتوار کی شب تین پاکستانی کرکٹرز کو سیکیورٹی آفیشل کی جانب سے ایک شخص سے بات کرنے سے روک دیا گیا اگرچہ وہ ان کا واقف معلوم ہوتا تھا۔

02

پاکستانی مینجمنٹ کے ایک آفیشل نے اسی اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہوٹل لابی ایک عوامی جگہ ہے جہاں پر 100 میں سے 99 شائد کچھ نہیں کریں گے مگر ایک شخص کوئی حرکت کرسکتا ہے، یہ خاص طور پر ہمارے لیے کافی مشکل وقت  اور ہم کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرسکتے۔ بھارتی وزارت داخلہ کا ایک سیکیورٹی آفیسر بھی ٹور کے دوران پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہوگا۔

اینٹی کرپشن و سیکیورٹی یونٹ نے اس سیریز پر نظر رکھنے کیلیے دو سیکیورٹی منیجرز کا تقرر کیا جبکہ عام پر طور پر ہر سیریز میں صرف ایک آفیشل یہ ذمہ داری نبھاتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تین پاکستانی کھلاڑیوں کے فکسنگ میں جیل کی سزا بھگتنے کو زیادہ وقت نہیں گزرا جبکہ اب بھی الزامات سامنے آتے رہتے ہیں، اس لیے آئی سی سی کے دو آفیشلز دونوں ممالک کے درمیان ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے میچز پر نظر رکھیں گے، انھوں نے واضح کیا کہ صرف پاکستانی نہیں بلکہ بھارتی کھلاڑیوں پر بھی نظر رکھی جائیگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔